16/08/2026
پاکستان میں مشہور شخصیات کی نازیبا ویڈیوز بنانے والے بین الاقوامی نیٹ ورک کا انکشاف، نیٹ ورک سے مبینہ طور پر وابستہ 114 غیر ملکی افراد کو گرفتار
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں مشہور شخصیات کی مصنوعی ذہانت کے ذریعے نازیبا ویڈیوز تیار کرنے والے مبینہ بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا انکشاف ہوا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نیٹ ورک سے مبینہ طور پر وابستہ 114 غیر ملکی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جن کا تعلق چار مختلف ممالک سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد مبینہ طور پر مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے معروف شخصیات کی جعلی اور نازیبا ویڈیوز تیار کرنے اور انہیں پھیلانے کے نیٹ ورک میں ملوث تھے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر ایک نجی کمپنی قائم کر رکھی تھی جس کی آڑ میں یہ سرگرمیاں جاری تھیں۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر ایک نجی کمرشل پلازے میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ نیٹ ورک کے ارکان کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مبینہ طور پر ویڈیوز، ڈیجیٹل مواد اور دیگر شواہد تحویل میں لے لیے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق غیر ملکی ملزمان کے ساتھ دو درجن سے زائد پاکستانی شہری بھی مبینہ طور پر اس نیٹ ورک کا حصہ تھے، جن کے کردار سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے تمام متعلقہ ڈیجیٹل مواد اور دیگر شواہد قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف پاکستان کے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون، پیکا کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے مبینہ نیٹ ورک کے مالی معاملات، ٹیکنیکل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل سرگرمیوں اور دیگر ممکنہ ساتھیوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے گرفتار غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے متعلقہ چار ممالک کے سفارتخانوں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ گرفتار ملزمان کو آئندہ ہفتے جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مبینہ نیٹ ورک نے کتنی معروف شخصیات کو نشانہ بنایا، تیار کردہ مواد کہاں اور کس مقصد کیلئے استعمال کیا گیا اور اس کارروائی میں مزید کون کون سے افراد یا گروہ ملوث ہیں۔