14/10/2025
حالیہ سیلاب اور جنگی حالات کے دوران سیالکوٹ کے صحافیوں کا کردار قابل تحسین ہے، محمد اویس
مقامی اخبارات و جرائد کے مالکان کو درپیش مسائل اور سیالکوٹ پریس کلب کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال
صحافی انتظامیہ کومسائل کی نشاندہی کیلئے راہ نمائی کرتے ہیں جس سے مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔فاضل بختیار قریشی
سوشل میڈیا کے ذریعے غلط اور غیر مستند اطلاعات ملنے کی صورت میں شہری اطلاعات کی تصدیق کیلئے صحافیوں کی طرف دیکھتے ہیں
سیالکوٹ(نیوز ڈیسک) عوامی مسائل کی نشاندہی اور حالات حاضرہ سے باخبررکھنے کے لیے صحافی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹرانفارمیشن محمد اویس نے چیف ایڈیٹرروزنامہ سیف الاخبار سیالکوٹ الحاج محمد فاضل بختیار قریشی اور چیف ایڈیٹر ماہنامہ ڈے ٹائم عرفان لطیف میر سے دوران گفتگواپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پرکیا، انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ جنگی حالات اور تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کے دوران ملک بھر کی طرح سیالکوٹ کے صحافیوں نے بھی انتظامیہ کے شانہ بہ شانہ جس طرح اپنی پیشہ وارانہ اور اخلاقی ذمہ داری کاکردار ادا کیا ہے انتہائی قابل تحسین ہے۔چیف ایڈیٹر سیف الاخبار الحاج محمد فاضل بختیار قریشی ، چیف ایڈیٹر ڈے ٹائم عرفان لطیف میر، ایڈیٹر ہفت روزہ آہ و فغاں مفیض بختیار قریشی، سینئر صحافی شاہد ریاض شاہ نے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اویس کو ان کی تعیناتی پر مبارک بادپیش کی اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ سید قاسم شاہ اور محمد بلال بھی اس موقع پر موجود تھے،دوران گفتگوچیف ایڈیٹر سیف الاخبار و صدر نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل سیالکوٹ فاضل بختیار قریشی نے انتظامیہ اور صحافیوں کے باہمی تعلقات کے بارے بالخصوص مقامی اخبارات اور جرائد کے مالکان کو درپیش مسائل اور سیالکوٹ پریس کلب کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ مظلوم کی آواز حکام بالا تک پہنچانے اور حالات سے آگاہی کے لیے مقامی صحافی انتہائی تلخ و شریں حالات سے گزرتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیںمحکمہ تعلقات عامہ کو بھی مقامی صحافیوں کو سہولیات پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔صحافی انتظامیہ کومسائل کی نشاندہی کیلئے راہ نمائی کرتے ہیں جس سے مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ اس تیز ترین دور میں الیکٹرانک میڈیا کی خدمات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ڈپٹی ڈائریکٹرمحمد اویس نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اپنے دائرہ اختیار کے مطابق تمام صحافیوں بالخصوص مقامی اخبارات کے مالکان، مدیران کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کرے گا۔ عرفان لطیف میرنے کہا کہ صحافت اہم فریضہ ہے اور جب سوشل میڈیا کے ذریعے غلط اور غیر مستند اطلاعات عوام تک پہنچتی ہیں تو اس صورت میں شہری اطلاعات کی تصدیق کیلئے صحافیوں کی طرف دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ہر وقت باخبر رہنا پڑتا ہے تاکہ وہ مصدقہ معلومات کی ترسیل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
سیالکوٹ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اویس سے ایڈیٹر انچیف روزنامہ سیف الاخبار محمد فاضل بختیار قریشی، چیف ایڈیٹر عرفان لطیف میر، شاہد ریاض شاہ، مفیض بختیار قریشی کی ملاقات کے دوران اہم صحافتی امور پر تبادلہ خیال