24/07/2025
لمحہ فِکریہ ؟
محسوس یہ ہورہا ہے کہ کچھ گھر کی مجالس فیملی گیدرنگ میں تبدیل ہوگئی ہے ، کچھ جگہ یہ سلسلہ اسٹیٹس سیمبل بن گیا ہے ،کچھ جگہ سماجی تعلقات بڑھانے کا ذریعہ ، کچھ جگہ فقط دکھاوا بن گئی ہے۔(کچھ اپنے نام کے لئیے )
مجلسیں ہورہی ہیں ، بڑی بڑی ہورہی ہیں ، بہترین ڈیکوریش ہے ، لائٹنگ ہے ، کیمرے ہیں ، بہترین نذر ہے ، بڑے مولوی ہیں ، بڑی انجمن ہے ، مشہور سنگت ہے ، سب کچھ ہے مگر روحانیت نہیں محسوس ہورہی۔ آخر کیا وجہ ہے ؟ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ ہو کیا رہا ہے ؟
کیا صاحب مجلس میں خلوص کی کمی ہے ، کیا کچھ ملاوٹ ہے ، کیا ہونے والی مجلس کہ ہر معاملات سے بری ہے ، ہر معاملات ، مطلب جو پیسے لگ رہے ہیں وہ حلال ہے یا حرام ؟ مطلب یہ ہی نہیں بلکہ بہت ساری چیزیں اس معاملے میں شامل ہوجائیں گی۔
خلوص ، وہ دل ، وہ جذبہ ، وہ پروٹوکول ختم ہوگیا ہے۔ مجلس عزا یعنی ایک پاک و طاہر سلسلہ ۔ خشوع و خضوع ہوگا تو پورا سلسلہ روحانیت میں محسوس ہوگا ۔ حلال پیسے ، پاک فرش ، صاف نیت ، دل مضطرب گویا وہ بے چینی ہونی چاہیے جو بڑے مہمان کے آنے پر ہوتی ہے۔
بڑے مہمان ؟ جی ہاں سب سے بڑے مہمان ، ان سے بڑا تو کوئی نہیں۔ اب دیکھیں مہمان کو کیا پسند ہے ، مہمان کو ذکر پسند ہے ، وہ ذکر کس کا آپ کو معلوم ہے ۔ مگر کیا وجہ ہے ۔بڑے مہمان کو آپ کی سب خبر ہے ، وہ جس جگہ تشریف رکھیں گے وہ کس طرح کا ہے ، یہ نہیں کہ کتنا آرام دہ ہے بلکہ یہ کہ کس ایمانداری سے تعمیر ہوا ہے۔
اس پورے سلسلے میں سچا لگاؤ ہو، تعلق ہو ، صداقت ہو ، پاکیزگی ہو ، بے لوث ہو ، بے غرض ہو ، کیونکہ جب بڑی ہستیوں کا زکر ہوتا ہے تو بڑے دل اور بڑے جذبے کے ساتھ ہوتا ہے۔ یاد رکھیں سب سے اہم چیز سادگی ہے ، غم کا ذکر ہے سادگی کے ساتھ ہونا چاہیے بالکل ایسے جیسے اپنے گھر کا کوئی بچھڑا ہو اور دل پر بوجھ ہو۔ میرا دل کہتا ہے کہ اس سلسلہ عزا میں سب سے مرکزی چیز سادگی ہے اور اگر کسی حرکت کی وجہ سے سادگی کو نقصان پہنچ رہا ہے تو پھر بہت سختی کے ساتھ اس چیز کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔
یاد رکھیں ، بڑوں نے بولنا چھوڑا ، ماؤں کی تربیت کمزور ہوئی ، بچے بدتمیز ہوگئے ، سسٹم کمزور ہوگیا۔ ٹوکیں ، ضرور ٹوکیں ، اچھے الفاظوں کے ساتھ ٹوکیں ، ریکوسٹ کیجئے ، درخواست کیجئے ، اپنے گھر سے شروع کریں بس لڑائی نہیں کرنی ، درخواست کرنی ہے ،اپنا حصہ ڈالنا ہے ۔
میرا دل بہت کڑُھتا ہے جب تبرک ضائع ہوتے دیکھتا ہوں, میرا دل بہت دُکھتا ہے جب تبرک کو پھینکتے ہوئے دیکھتا ہوں ، میرا دل تڑپتا ہے جب جلوس عزا کا مزاج غم سے تبدیل ہوکر کسی اور رنگ میں ہوتا ہے ، ہر سال دل بے چین ہوتا جارہا ہے۔وقت آگیا کہ اپنے آپ سے سوال کریں کہ جو وراثت منتقل ہوئی تھی کیا اس کی حفاظت ہوسکی ؟ اور اگر جواب میں نہ ہو تو پھر اس کی حفاظت شروع کردیجیۓ ۔
۔۔۔تحریر : شیعہ کہانی ۔۔۔