07/05/2025
محکمہ تعلقات عامہ/ اطلاعات گلگت بلتستان
پریس ریلیز
تاریخ: 6 مئی 2025
داریل/تانگیر ایکسپریس وے منصوبے کی مالی بولی کامیابی سے مکمل، این ایل سی کو ٹینڈر ایوارڈ — دیگر بڑے ترقیاتی منصوبوں پر بھی پیش رفت
گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پی ایس ڈی پی کے تحت منظور شدہ داریل/تانگیر ایکسپریس وے منصوبے (تخمینہ لاگت: 6.030 ارب روپے) کی مالی بولی 6 مئی 2025 کو سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو گلگت بلتستان کے دفتر میں دوپہر 12 بجے کھولی گئی۔
معروف تعمیراتی ادارے نیشنل لاجسٹک کارپوریشن (NLC) نے 5.099 ارب روپے کی بولی دے کر یہ منصوبہ حاصل کیا۔ این ایل سی کی پیش کردہ بولی تخمینہ لاگت سے 14 فیصد زائد مگر قواعد کے مطابق قابل قبول حد میں ہے۔
یہ منصوبہ جو مختلف انتظامی و تکنیکی چیلنجز کے باعث سال 2021 سے تعطل کا شکار تھا، بالآخر شفاف طریقے سے ٹینڈر کیا گیا۔ اس میگا منصوبے پر عملی کام کا آغاز جون 2025 کے پہلے ہفتے سے متوقع ہے۔ داریل اور تانگیر کی ترقی کے لیے یہ ایک نمایاں سنگِ میل ہے، جو مجموعی طور پر گلگت بلتستان کی ترقی کے عمل کو تقویت دے گا۔
اس پیش رفت کے ساتھ ہی، بقیہ چار میں سے تین بڑے ترقیاتی منصوبوں کی مالی بولیاں بھی مکمل ہو چکی ہیں:
1. استور روڈ منصوبہ (34.4 ارب روپے) — کامیاب بولی: این ایل سی (اوپن ٹینڈر)
2. ہنزہ گریٹر واٹر اسکیم (2.02 ارب روپے) — کامیاب بولی: این ایل سی
3. داریل/تانگیر ایکسپریس وے (6.3 ارب روپے) — کامیاب بولی: این ایل سی
جبکہ چوتھا منصوبہ، شغرتنگ/استور روڈ منصوبہ (5.2 ارب روپے) تاحال پروکیورمنٹ کے مرحلے میں ہے اور جلد مکمل ہونے کی توقع ہے۔
یہ تمام منصوبے 2021 سے مختلف پیچیدہ مسائل کی وجہ سے رکے ہوئے تھے۔