26/09/2025
سکردو : (پ ر) انجمن امامیہ بلتستان، پرائیویٹ ایجوکیشنل نیٹ ورک (PEN) کے حالیہ مؤقف کی بھرپور تائید اور حمایت کرتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے محدود وسائل کے باوجود خطے میں معیاری تعلیم کو عام کرنے، شرحِ خواندگی بڑھانے اور ریاستی اہداف کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ گزشتہ پندرہ بیس سالوں سے گلگت بلتستان میں نجی تعلیمی اداروں کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ ہم اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں کہ سکردو میں پرائیویٹ اسکولز کے خلاف حالیہ اقدامات دراصل سکردو میں آنے والے تعلیمی انقلاب کے خلاف سازش دکھائی دیتے ہیں، کیونکہ اس قانون کا نفاذ نہ وفاق کے کسی ادارے میں ہے اور نہ ہی گلگت بلتستان کے کسی ضلع میں۔ ایسے فیصلوں سے نہ صرف ہزاروں طلبہ کا تعلیمی مستقبل متاثر ہوگا بلکہ والدین اور اساتذہ بھی براہِ راست مشکلات کا شکار ہوں گے، جنہیں سنبھالنے کے لیے حکومت بھی بے بس ہوگی۔ انجمن امامیہ یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ اگر لیبر ویجز ایکٹ کا نفاذ ضروری ہے تو سب سے پہلے گلگت اور دیگر اضلاع میں کیا جائے، جبکہ کسی بھی ضلع میں ایسا کوئی قانون نافذ العمل نہیں۔ پھر بھی اگر قانون کا نفاذ ناگزیر ہے تو صوبائی اسمبلی سے منظور شدہ پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری ایکٹ، جو گزٹ آف پاکستان میں بھی شائع ہو چکا ہے، پر عمل درآمد کرایا جائے۔ انجمن امامیہ ہر اس مثبت قدم کی حمایت کرے گی جو خطے میں معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کے استحکام کا باعث بنے۔ ترجمان انجمن امامیہ