30/09/2025
𓆩Machulo Valley𓆪
بلتستان کی حسین وادیوں میں ایک نہایت ہی خوبصورت
وادی مچلو بھی ہے۔ یہ وادی سکردو شہر سے تقریباً تین گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔ سفر کے دوران پہاڑوں کے دامن میں گزرتے ہوئے جب آپ مچلو میں داخل ہوتے ہیں تو سب سے پہلے جو منظر دل کو موہ لیتا ہے وہ ہے مچلو ویو۔ یہ دلکش منظر دیکھنے والے کی آنکھوں کو ٹھنڈک اور روح کو سکون بخشتا ہے۔
مچلو میں داخل ہوتے ہی ایک اور روح پرور نظارہ خانقاہ معلیٰ کا ہے، جو نہ صرف اس وادی کی پہچان ہے بلکہ یہاں کے روحانی و دینی مرکز کی حیثیت بھی رکھتی ہے۔ خانقاہ معلیٰ مچلو کے میرواعظ سید منیر حسین کاظمی ہیں۔ وہ ایک باعمل عالمِ دین، امام جمعہ والجماعت اور ذاکر اہلِ بیت ہیں۔ آپ نہایت سادہ اور دل نشین انداز میں کربلا کے واقعات اور امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب کی قربانیوں کو عوام کے سامنے بیان کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے آپ کو مچلو کا سر کا تاج بھی کہا جاتا ہے۔
مچلو کو اکثر سرزمینِ اہل بیت بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں کے لوگ نہایت ایماندار، محنتی اور دیانت دار ہیں۔ زیادہ تر لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت سے جڑا ہوا ہے۔ کھیتوں اور باغات میں محنت کر کے یہ لوگ اپنی زندگی گزارتے ہیں۔ تاہم اس حسین وادی کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے۔ کھیتوں کو سیراب کرنے والا پانی ناکافی ہے، جس کی وجہ سے زمیندار اور کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بدقسمتی سے حکومت کی جانب سے بھی اب تک پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا گیا۔
یہ وادی اپنی سادگی، خوبصورتی اور دینی ماحول کی وجہ سے پورے بلتستان میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ اگر یہاں کے پانی کے مسئلے کو حل کیا جائے تو یہ وادی زراعت اور سیاحت دونوں شعبوں میں ترقی کر سکتی ہے۔ مچلو نہ صرف ایک پرامن بستی ہے بلکہ ایک ایسا مقام ہے جو آنے والے ہر مہمان کو اپنے حسن اور روحانیت سے مسحور کر دیتا ہے۔