09/03/2024
اگر خدا مجھے جنت لے جائے تو میں وہاں کیا کروں گا؟
میں سیدہ آسیہ زوجہ فرعون کے پاس جاوں گا، اور پوچھوں گا کہ اپنے پیٹ پر پورا پتھر اٹھانے کی برداشت کہاں سے لی تھی۔
میں سید غنی عثمان رض کے پاس جاوں گا اور پوچھوں گا کہ ایک ہی رکعت میں پورا قرآن کیسے پڑھ لیا کرتے تھے۔
مکہ کے شہزادے مصعب بن عمیر سے ملوں گا اور پوچھوں گا کہ ایسی شاہانہ زندگی کو ترک کر کے اپنوں سے ملی اذیت کے باوجود صبر اور ہجرت کیسے کر لی۔
عشرہ مبشرہ سے ملوں گا ان سے پوچھوں گا کہ جب تمہیں جنت کی بشارت ملی تو پھر تمہاری نیند کا کیا ہوا؟۔
میں سیدہ ہاجرہ سے ملوں گا اور پوچھوں گا کہ کسی محافظ کے بغیر ایک صحراء میں رکنے کی ہمت کہاں سے لی تھی۔
ملوں گا سید بلال حبشی سے اور عرض کروں گا کہ ایک دفعہ ہی دور نبوت کی اذان سنا دو ۔
سیدنا یونس علیہ السلام کے پاس جاکر سوال کروں گا کہ مچھلی کے پیٹ کا عرصہ کسطرح سے گزارا ۔۔
سیدنا علی المرتضی رض کے پاس جاوں گا اور پوچھوں گا کہ اپنے لڑکپن میں رسول اللہ کی ہجرت کے وقت ان کے بستر پر بغیر خوف کے سو جانے کا حوصلہ کس نے دیا ۔
میں سیدنا صدیق اکبر رض کے حضور حاضری دوں گا، سوال کروں گا کہ جب رسول اللہ کی وفات ہو چکی تھی تو آپ نے ایسی استقامت کیسے دکھا لی، جب کہ آپ تو دل کے بھئ نرم تھے، آنسو میں بہنے کو تیار رہتے تھے۔
میں سیدنا موسی علیہ السلام کے پاس جاوں گا اور پوچھوں گا کہ آپ نے فرعونی جبر کا مقابلہ کیسے کیا ۔
میں سیدنا عمر بن خطاب کے پاس جاوں گا اور ان سے کہوں گا کہ سید عمر ! مجھے آپ سے بے پناہ محبت ہے۔ اور پوچھوں گا کہ اس لمحے دل کی کیفیت کیا تھی جب شدید ترین مخالفت کرنے کے بعد رسول اللہ کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔
میں یوسف صدیق علیہ السلام کے پاس جا کر کہوں گا، سیدی یوسف! آپ کا قصہ مجھے سب سے زیادہ محبوب ہوا کرتا تھا اور آپ کے نام سے نازل ہونے والی سورت مجھے سے زیادہ حبیب تھی۔
پھر۔۔۔ پھر میں اپنے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے کی مجلس میں بیٹھوں گا،۔۔ ان سے ڈھیر ساری باتیں کروں گا، حال دل کہوں گا، ان سے کہوں گا کہ دنیا میں آپ کو دیکھنے کا شوق ہی رہا، اور آج خداوند عالم نے آپ کے دیدار سے میری عزت میں اضافہ کر دیا ہے۔ اور پھر پوچھوں گا کہ آقا مجھے اپنی جدوجہد کا قصہ سنائیے، مجھے بتائیے کہ جو آپ کے ساتھ گزریں، مجھے بتائیے کہ ان حالات میں آپ دین کیسے پھیلاتے رہے۔
پھر اپنے رب کے پاس جاوں گا، جب وہ مجھے اپنی روئت سے مشرف کرے گا، اور میں نہیں جانتا ۔۔۔ کہ تب ۔۔۔ میں بول بھی پاوں گا کہ نہیں۔
خدایا ہمیں جنت میں ان کے ساتھ رکھنا جن سے ہم محبت کرتے ہیں۔
عربی ادب سے
ابو الوفا محمد حماد اثری