
30/03/2025
صوابی ۔ٹھنڈکوئی، ایمان ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد فرمان کا وضاحتی بیان
ایمان ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد فرمان نے ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے تورگل پیج پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے دیے گئے رمضان المبارک ریلیف پیکج کے سلسلے میں مستحقین کے ناموں کی نشاندہی انتہائی دیانتداری سے کی گئی، اور ان پر اپنے رشتہ داروں میں رقم تقسیم کرنے کا الزام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔
محمد فرمان نے مزید کہا کہ ان کے خلاف ذاتی حیثیت میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے گئے ہیں، جو حقیقت کے بالکل برعکس ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اللہ کو حاضر و ناظر جان کر مسجد میں حلف دینے کو بھی تیار ہیں، اور اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس نہ کوئی گاڑی ہے اور نہ ہی کوئی پرتعیش رہائش، بلکہ کچھ عناصر انہیں اور ان کے خاندان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، جس کی وہ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ معاملہ اللہ کے سپرد کر دیا ہے، جو بہترین فیصلہ ساز ہے۔
آخر میں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں اور بغیر تحقیق کسی بھی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔