20/08/2023
اندرآب جھیل،
اس جھیل کا دوسرا نام "کوہ جھیل" ہے۔ اسے وادی سوات کی حسین ترین جھیلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ جھیل وادی انکار میں واقع ہے۔ بلیو واٹر تک جیپ ٹریک ہے۔ بلیو واٹر سے باقاعدہ پیدل ٹریک شروع ہوتا ہے۔
اور ندی کے پانیوں کا تعاقب کرتے ہوۓ جھیل پہنچتے ہیں۔ یہ راستہ دوسری جھیلوں کی نسبت قدرے آسان ہے مگر کافی لمبا ہے۔ راستے میں فطرت کے دلکش مناظر آپ کو سفر کی تھکان کا احساس نہیں ہونے دیتے۔ ندی کے تیز بہاؤ میں روح کو سرشار کرنے کی قدرت موجود ہے۔ راستے میں آنے والے جنگلوں میں گم ہو کر بندہ دنیا و ما فیہا سے بے خبر ہوجاتا ہے اور جہاں سفر کی صعوبتوں کا آغاز ہوتا ہے، وہاں برفانی تودے سفر کو سہل کرنے کی سعی کرتے ہیں۔ یہاں پتلی دھاروں کی صورت میں پہاڑی جھرنے بلندیوں سے گر کر ندی کا حصہ بن جاتے ہیں۔ آسمان کو چھوتی ہوئی بلند پہاڑی سلسلے تہہ در تہہ واں ہوتی ہیں۔
چند گھنٹوں کے سفر کے بعد میدان نامی بانڈہ آپ کے پڑاؤ کے لیے موزوں ترین جگہ ثابت ہوتی ہے۔ میدان بانڈہ رات کے قیام کے لیے عمدہ ترین جگہ ہے۔ یہاں چرواہوں کے بنائے ہوئے کچے گھر موجود ہیں۔
میدان بانڈہ سے ڈیڑھ گھنٹے کے سفر کے بعد کوہ جھیل آتی ہے۔ اس تمام ٹریک کا مشکل ترین مرحلہ میدان بانڈہ سے آگے شروع ہوتا ہے کیوں کہ آگے چڑھائی کی صورت میں سفر شروع ہوتا ہے اور جھیل تک جاتے جاتے بندے کی اچھی خاصی مرمت ہو جاتی ہے۔
رنگ بدلتی ہوئی سطح سمندر سے دس ہزار آٹھ سو فٌٹ کی بلندی پر واقع اس جھیل کی بات ہی نرالی ہے۔ آس پاس کے پہاڑ برف سے ڈھکے ہوئے ہوتے ہیں۔ جھیل کے خاموش پانیوں میں برف پوش پہاڑوں، نیلگوں آسمان اور بادلوں کی اُڑانوں کے عجیب و غریب عکس بنتے ہیں۔
جھیل ایک تصویری کتاب ہے۔ اس کا مطالعہ صدیوں تک کیا جا سکتا ہے۔ نہ تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے اور نا ہی بوریت کا احساس ہوتا ہے۔۔۔۔
کوہ جھیل کے لیے آٹھ نو گھنٹوں کا پیدل سفر ہے۔ اس جھیل کا راستہ بے حد حسین ہے اور جھیل حسین ترین ہے۔