26/08/2026
سوات میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق صدر حاجی بشیر احمد کی ریٹائرمنٹ پر پروقار تقریب، 38 سالہ خدمات کو خراجِ تحسین
سوات (بیورو رپورٹ) سوات پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور ممتاز رہنما حاجی بشیر احمد کی 38 سال اور 5 ماہ پر محیط سرکاری ملازمت کی تکمیل اور ریٹائرمنٹ کے موقع پر نجی شادی ہال میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے صوبائی و ضلعی قائدین، عہدیداروں، ملازمین، ریٹائرڈ ملازمین اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران حاجی بشیر احمد کی شعبہ صحت، ملازمین اور پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے لیے طویل عرصہ تک انجام دی جانے والی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ضلع سوات کے جنرل سیکرٹری جاوید اللہ خان، مرکزی و صوبائی قائدین، ضلع سوات کی قیادت اور دیگر عہدیداروں سمیت ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ صوبائی قائدین کی آمد پر ان کا شاندار اور پرجوش استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر حاجی بشیر احمد کی 38 سالہ پیشہ ورانہ و تنظیمی جدوجہد پر مبنی خصوصی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے حاجی بشیر احمد کی شعبہ صحت اور ملازمین کے حقوق کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ملازمت کے ساتھ ساتھ پیرامیڈیکل اسٹاف کے حقوق کے لیے بھی بھرپور جدوجہد کی اور تنظیم کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مرکزی صدر شرافت اللہ یوسفزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاجی بشیر احمد ضلعی اور ڈویژنل صدر کے علاوہ صوبائی سطح پر چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن اور ملازمین کے حقوق کے لیے بے لوث خدمات انجام دیں، جنہیں مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کہا کہ حاجی بشیر احمد نے اپنے پورے پیشہ ورانہ کیریئر میں فرض شناسی، دیانت داری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ شعبہ صحت کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور ان کا کردار دیگر ملازمین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
آل پاکستان پنشنرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی فضل معبود، ایپکا ضلع سوات کے صدر علی رحمان، عصمت اللہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ حاجی بشیر احمد کا ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی کابینہ میں کلیدی کردار رہا ہے۔ بالخصوص پیرامیڈیکل اسٹاف کے لیے اسکیل 20 کی منظوری اور حصول کے لیے ان کی جدوجہد ایک اہم کارنامہ ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تقریب سے صوبائی صدر مجاہد اعظم، ضلع بونیر کے صدر حاجی ظفر، شفیق احمد اور حاجی بشیر احمد کے بھائی ہلال دانش نے بھی خطاب کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر عماد نے حاجی بشیر احمد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خوبصورت اشعار بھی پیش کیے۔
سوات پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے تقریب میں شریک صوبائی قائدین اور ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے تمام ریٹائرڈ ملازمین کو روایتی پختون چادریں اور پکول بھی پیش کیے گئے، جبکہ تقریب کے اختتام پر حاجی بشیر احمد کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔
اپنے الوداعی خطاب میں حاجی بشیر احمد نے تمام مہمانوں، ساتھی ملازمین اور تنظیمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے بے حد شکر گزار ہیں کہ انہیں 38 سال اور 5 ماہ تک سرکاری ملازمت کے ذریعے عوام کی خدمت کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس طویل سفر کے دوران ہمیشہ حلال روزی کمانے اور سچ کا ساتھ دینے کی کوشش کی، سخت سے سخت حالات اور مشکلات کے باوجود کبھی کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا اور نہ ہی اپنے شعبے سے خیانت کی۔
حاجی بشیر احمد نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ طویل سروس کے دوران انہوں نے کبھی کسی کو شکایت کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ زندگی کے آخری دم تک اپنے ساتھیوں اور پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے تقریب کی کوریج کرنے پر سوات میڈیا کلب کے صحافیوں اور نمائندوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صحافیوں نے ہمیشہ مثبت انداز میں ملازمین اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ سٹیج سیکرٹری جاوید اللہ نے بھی سوات میڈیا کلب کے صحافیوں کو بہترین کوریج پر خراجِ تحسین پیش کیا۔