27/10/2025
بہتر طریقہ علاج حجامہ ہے
تحریر: ڈاکٹر عامر نواز اعوان
(ہومیو و ہربل فزیشن، گولڈ میڈلسٹ)
محترم قارئین! دنیا بھر میں جدید ترین طبی سہولیات اور مشینوں کے باوجود آج بھی لوگ قدرتی اور روایتی طریقہ علاج کی طرف رجوع کر رہے ہیں۔ جس کی خاص وجہ یہ ہے کہ قدرتی طریقہ علاج میں سائیڈ ایفکٹ نہیں ہے۔ بس اہم بات یہ ہے کہ علاج ہمیشہ کسی مستند معالج سے کرائیں۔ بحرحال انہی قدیم اور مؤثر طریقہ علاج میں سے ایک ’’حجامہ‘‘ بھی ہے، جو نہ صرف طب نبوی ﷺ کا حصہ ہے بلکہ ایک آزمودہ، محفوظ اور سستا علاج بھی ہے۔ حجامہ ایسا طریقہ علاج ہے جو دراصل جسم سے فاسد اور زہریلے مادوں کے اخراج کا قدرتی طریقہ ہے۔ اس عمل میں مخصوص مقامات پر کپ لگائے جاتے ہیں، جن کے ذریعے خون کے وہ اجزاء نکالے جاتے ہیں جو جسم میں بیماریوں، درد اور سستی کا باعث بنتے ہیں۔ رسولِ اکرم ﷺ نے خود بھی مختلف مواقع پر حجامہ کروایا اور اپنی امت کو اس کی ترغیب دی۔ بخاری شریف کی ایک حدیثِ مبارکہ میں آپ ﷺ نے فرمایا: "تمہارے علاج کے طریقوں میں سب سے بہتر طریقہ حجامہ ہے۔" ماہرین کے مطابق حجامہ نہ صرف دردِ کمر، جوڑوں کے درد، بلڈ پریشر، شوگر، موٹاپا اور جلدی امراض میں مفید ہے بلکہ اعصابی تناؤ، ذہنی دباؤ اور معدے کے مسائل میں بھی بہترین نتائج دیتا ہے۔ اس سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے، مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے اور جسم میں تازگی محسوس ہوتی ہے۔ حجامہ کے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے اہم بات یہ ہے کہ حجامہ ہمیشہ تربیت یافتہ معالج سے، حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کروایا جائے۔ صاف ستھرے آلات، سینیٹائزڈ کپ اور مناسب طبی نگرانی اس کے مؤثر نتائج کے لیے ضروری ہیں۔ آج کے اس تیز ترین دور میں جب انسان مختلف امراض اور ذہنی دباؤ کا شکار ہے، حجامہ ایک ایسی سنتِ نبوی ﷺ ہے جو جسم و روح دونوں کے لیے شفا کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس سنت کو اپنائیں، آگاہی پھیلائیں اور صحت مند معاشرہ تشکیل دیں۔