04/07/2025
4 جولائی
پرتگال کی مقدسہ الیصابات،ملکہ
آپ 1271 خ س میں ایک شاہی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔چونکہ آپ کے خاندان سے پہلے بھی ایک مقدسہ ہو گزری تھیں۔جن کا نام ہنگری کی مقدسہ الیصابات ہے اسی لئے آپ کو بھی اس کا نام دیا گیا۔آپ کی تعلیم و تربیت بہت اچھے انداز سے ہوئی آپ شروع ہی سے نہایت دعا گو اور پرہیز گار تھیں۔12 برس کی عمر میں ہی پرتگال کے شہنشاہ سے آپ کی شادی کر دی گئی پس آپ چھوٹی عمر میں ملکہ بن گئیں۔تاہم آپ اس طرح حلیمی،سادگی اور دعائیہ زندگی بسر کرتی رہیں خدا نے آپ کو ایک خوبصورت بیٹی اور ایک بیٹا عطا کیا۔آپ کے خاوند قدرے بے وفا تھے اور اس کا آپ کو بے انتہا دکھ تھا۔لیکن آپ مسلسل ان کی تبدیلی کے لئے دعا کرتی رہیں ساتھ ہی ساتھ آپ نے غریبوں اور بیماروں کی خدمت کرنا شروع کی۔آپ کی دعاؤں کی بدولت آپ کے شوہر کی زندگی بدل گئی۔آپ کو اس وقت بھی شدید دکھ اٹھانے پڑے جب آپ کے خاوند نے اپنے حقیقی وارث بیٹے کی بجائے اپنی کنیزوں سے ہونے والے بچوں کو زیادہ اختیار دیا۔اس کو دیکھ کر آپ کے بیٹے شہزادہ الفونسو نے 1323 خ س میں اپنے والد کے خلاف اعلانِ جنگ کیا۔جب آپ کو اس بات کی خبر ہوئی تو آپ فوراً میدانِ جنگ پہنچیں اور باپ اور بیٹے کے درمیان اختلافی امور پر صلح کروانے میں کامیاب ہو گئیں۔جب 1325 خ س میں شہنشاہ کا انتقال ہو گیا تو آپ نے اسی وقت مکمل طور پر مزہبی زندگی اختیار کرنے کی ٹھان لی اور کچھ جماعتوں کا جائزہ لینے کے بعد آپ نے فراسسکن راہبہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔
1336 خ س میں ایک بار پھر آپ کا بیٹا جو اب بادشاہ تھا۔اپنے سسر کے خلاف جنگ کے لئے تیار ہوا۔اب آپ عمر رسیدہ اور بیمار تھیں تب بھی آپ میدانِ جنگ پہنچیں اور کوشش کر کے صلح کروانے میں کامیاب ہو گئیں۔یہ ایک طرح سے آپ کا آخری سفر ثابت ہوا۔آپ شدید بیمار پڑ گئیں۔آپ نے جملہ اقدس ساکرامنٹ حاصل کئے اور بالآخر 4 جولائی 1336 خ س میں ابدی نیند سو گئیں۔
دعا:اے قادر مطلق خدا!خاندانی زندگی تیری طرف سے ہے ہم تجھ سے منت کرتے ہیں کہ اپنے مقدسوں کی شفاعت کی بدولت ہمارے خاندانوں میں وفا داری اور محبت کو پیدا کر تاکہ ہم سب کے سب تیری گواہی دے سکیں۔آمین