
19/09/2025
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سیکٹر اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، 119 اساتذہ معطل، ڈپٹی کمشنر کا واضح پیغام: تدریسی عمل میں غفلت برداشت نہیں ہوگی
جنوبی وزیرستان اپر ( روزنامہ پختونخوا ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر عصمت اللہ وزیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن سیکٹر کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پبلک سروس ڈیلیوری انیشیٹیو کے تحت تدریسی عمل کو ہر حال میں فعال اور مؤثر بنانے کے لئے واضح ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران نے عملی اقدامات کرتے ہوئے ڈیوٹی سے غیر حاضر اور فرائض میں غفلت برتنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل نے 100 جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فی میل نے 19 سرکاری اساتذہ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ معطل شدہ اساتذہ کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر نے کہا کہ عوامی خدمت اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لئے تدریسی نظام میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی پالیسیوں پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنا کر ضلع کے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔