25/08/2025
نبی کریم ﷺ کی ولادت کی خوشیاں منانا ایمان کی علامت ہے، صاحبزادہ قاری محمد احمد فیض
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد آصف حسین رانا سے) چیئرمین انجمن دارالعلوم مہریہ رضویہ رجسٹرڈ صاحبزادہ قاری محمد احمد فیض گولڑوی نے کہا ہے کہ الحمدللہ ربیع الاول کا چاند نظر آ گیا ہے، یہ مہینہ امتِ مسلمہ کے لیے خوشی، ایمان اور محبت کا پیغام لے کر آتا ہے، ربیع الاول وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ دنیا میں تشریف لائے، انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اس مہینے کی آمد پر دل و جان سے خوشی منائیں، نعرے رسالت بلند کریں، اپنے گھروں، گلیوں اور بازاروں کو جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے آراستہ کریں، میلاد کی محفلیں سجائیں، درود و سلام کی صدائیں بلند کریں اور پورا معاشرہ سرکارِ دو عالم ﷺ کی آمد آمد کی خوشبو سے مہک اُٹھے، صاحبزادہ قاری محمد احمد فیض گولڑوی نے مزید کہا کہ یہ بابرکت مہینہ دراصل ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنے نبی کریم ﷺ کی محبت کو اپنی زندگی کا سرمایہ بنائیں، سرکار ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی منانا ایمان کی علامت ہے اور امت کے اتحاد و محبت کا ذریعہ ہے، انہوں نے عشقانِ مصطفیٰ کو ربیع الاول کے چاند کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آئیے مل کر جشنِ ولادتِ مصطفیٰ ﷺ اس طرح منائیں کہ ہر دل حضور ﷺ کی محبت سے لبریز ہو اور ہر گلی حضور ﷺ کے ذکر سے جگمگانے لگے۔