19/08/2025
کراچی:
پشاور میں حالیہ بارشوں کے بعد اب کراچی بھی شدید بارشوں کی لپیٹ میں آ گیا ہے جس کے نتیجے میں شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور شہریوں کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا جس کے دوران درمیانی سے شدید بارش کے امکانات ہیں۔ وقفے وقفے سے ہونے والی موسلادھار بارش نے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا کر دی ہے، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوچکا ہے اور کئی سڑکوں پر ٹریفک جام کی وجہ سے ہزاروں شہری پھنس گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ گلستان جوہر اور اورنگی میں دیواریں گرنے سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جبکہ نارتھ کراچی اور ڈیفنس میں کرنٹ لگنے سے بھی اموات ہوئیں۔ اس کے علاوہ ملیر میں پیٹرول پمپ پر آگ لگنے کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست اوڑیسہ سے آنے والا ڈپریشن سندھ پر اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے باعث 23 اگست تک صوبے کے مختلف شہروں میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔
ادھر کمشنر کراچی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہیں، جبکہ چیف سیکرٹری سندھ نے انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے اقدامات کرنے اور مسلسل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھورے ترقیاتی منصوبے بھی شہریوں کے لیے وبال جان بن گئے ہیں۔ لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد میں بارش کا پانی گڑھوں میں جمع ہونے سے گاڑیاں پھنس گئیں اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی کراچی انتظامیہ بارش سے پہلے تیاری کرنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے معمولی بارش بھی تباہی لے آتی