26/04/2026
تربت: طالبِ علم عرفان حبیب کی بین الاقوامی جریدے میں تحقیق شائع، بلوچستان کے لیے اعزاز
تربت(بلوچستان اپڈیٹس)یونیورسٹی آف تربت کے شعبۂ سیاسیات کے گریجویٹ طالبِ علم عرفان حبیب نے بین الاقوامی سطح پر اپنے تحقیقی مقالے کی اشاعت کے ذریعے ایک اہم سنگِ میل حاصل کر لیا۔ ان کا تعلق ضلع کیچ کے علاقے سدوآباد، کلاتک سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق عرفان حبیب کا تحقیقی مقالہ ایک معروف بین الاقوامی جریدے میں شائع ہوا ہے، جو نہ صرف یونیورسٹی آف تربت بلکہ پورے بلوچستان کے کسی طالبِ علم کی جانب سے اس نوعیت کی نمایاں کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
یہ تحقیق انہوں نے شعبۂ سیاسیات کے اسسٹنٹ پروفیسر بہادین بلوچ کی زیرِ نگرانی مکمل کی۔ ان کے مقالے میں ضلع کیچ کے مقامی حکومتی نظام، خصوصاً یونین کونسل کلاتک کو درپیش مسائل اور مواقع کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
تحقیق میں برادری کی ترقی کے تناظر میں مقامی حکومت کے نظام کی خامیوں، چیلنجز اور بہتری کے امکانات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ یونین کونسل کلاتک کی مقامی حکمرانی پر ایک جامع اور منفرد تحقیق ہے۔
تعلیمی و سماجی حلقوں کی جانب سے عرفان حبیب کی اس کاوش کو سراہا جا رہا ہے اور اسے علاقائی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اپنی کامیابی پر عرفان حبیب نے اپنے اساتذہ، سرپرست اور والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں مزید تحقیق جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آپ نیچے دیے گئے لنک پر مکمل مقالہ پڑھ سکتے ہیں👇🏻
https://dergipark.org.tr/en/pub/bityed/article/1863552