Zubair Sabir

Zubair Sabir Journalist

06/09/2025

"گینگز آف واسے پور: کم بجٹ، بغیر نیپوٹزم اور کمال کی ہدایتکاری نے بالی وڈ کو دیا اسٹارز کا خزانہ"

ممبئی: بالی وڈ کی تاریخ میں بہت سی فلمیں آئیں اور گئیں، لیکن گینگز آف واسے پور وہ فلم ہے جس نے نہ صرف سنیما کو نیا رخ دیا بلکہ اپنے تقریباً ہر اداکار کو اسٹارڈم کی بلندیوں تک پہنچایا۔ چاہے نوازالدین صدیقی ہوں، ہما قریشی، راجکمار راؤ، پنکج ترپاٹھی، منوج باجپائی، جیدیپ اہلاوت یا پھر وکی کوشل جو اس فلم میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر موجود تھے، سب نے اپنی الگ پہچان بنا لی۔

آج کی فلموں کے برعکس، جہاں اربوں روپے بجٹ، بڑے سیٹ اور بھاری معاوضہ لینے والے اسٹارز بوجھ بن جاتے ہیں لیکن کہانی دو روپے کی رہ جاتی ہے، گینگز آف واسے پور میں معاملہ بالکل الٹ تھا۔ کم بجٹ، طاقتور کہانی اور حقیقی اداکارانہ صلاحیتیں اس فلم کی اصل بنیاد تھیں۔

ڈائریکٹر انوراگ کشیپ نے اس پروجیکٹ کے دوران واضح کیا تھا کہ فلم میں نیپوٹزم کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ شرط رکھی تھی کہ صرف صلاحیت رکھنے والے اداکار ہی موقع پائیں گے، نہ کہ کسی بڑے اسٹار کا بیٹا یا بھتیجا۔ یہی وجہ ہے کہ فلم میں جاندار پرفارمنسز دیکھنے کو ملیں۔

اس کی سب سے بڑی مثال منوج باجپائی کے مشہور "گائے والے سین" کی ہے، جسے انہوں نے خود موقع پر ترتیب دیا۔ ڈائریکٹر کو یہ اتنا پسند آیا کہ انہوں نے فوراً کہا: "ڈالو اسے۔" ایسی آزادی اور اعتماد ہی نے فلم کو ایک کلاسک بنا دیا۔

فلمی ناقدین کا ماننا ہے کہ انوراگ کشیپ نے اس فلم کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ ڈائریکٹر کا اصل کام صرف کیمرہ چلانا نہیں بلکہ کہانی کو اسکرین پر زندہ کرنا اور اداکاروں کی چھپی صلاحیتوں کو نکھار کر دنیا کے سامنے لانا ہے۔ اسی لیے آج انہیں بالی وڈ کے سب سے کمال کے ڈائریکٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔

06/09/2025

جشن عید میلاد النبی، کیا آپ جانتے ہیں نبی ﷺ کی ولادت کو کتنے سال گزر چکے ہیں؟
پاکستان سمیت پورے عالم اسلام میں آج عید میلاد النبی ﷺ انتہائی دینی و روحانی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں بالخصوص پاکستان میں گلی گلی، نگر نگر سبز پرچموں کی بہار ہے، جلوسوں اور محافلِ نعت کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں لاکھوں فرزندانِ توحید ہاتھوں میں جھنڈیاں اٹھائے درود و سلام کی صدائیں بلند کرتے ہوئے جلوسوں میں شریک ہیں۔

اس حوالے سے ملک کے بڑے شہروں میں مرکزی جلوسوں نے فضا کو عشقِ رسول ﷺ سے معطر کر دیا ہے اور ہر طرف درود و سلام اور نعتوں کی گونج ہے۔ سوال یہ ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کو آج تک کتنے برس بیت چکے ہیں؟

ولادت نبوی کو کتنے سال ہوگئے؟

ماہرین کے مطابق ولادتِ نبوی ﷺ عام الفیل (جس سال ابرہہ حاکم یمن نے ہاتھیوں کے لشکر کے ساتھ کعبہ شریف پر حملہ کیا) میں ہوئی جو اپریل 571ء کے قریب کا وقت تھا۔ اگر موجودہ عیسوی سال 2025 کو دیکھا جائے تو شمسی (گریگورین) کیلنڈر کے مطابق ولادتِ نبوی ﷺ کو تقریباً 1454 برس گزر چکے ہیں۔

دوسری طرف ہجری تقویم کے مطابق آج 12 ربیع الاول 1447 ہجری ہے۔ چونکہ ہجری کیلنڈر کا آغاز ہجرتِ مدینہ (622 عیسوی) سے ہوا تھا اور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ولادت ہجرت مدینہ سے 53 سال پہلے ہوئی تھی، اس حساب سے ولادتِ نبوی ﷺ کو ہجری کیلنڈر کے حساب سے 1500 برس گزر چکے ہیں۔

یوں ولادتِ نبوی ﷺ کی یاد تازہ کرنے والا آج کا دن ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ ساڑھے چودہ سو برس قبل کے پیغامِ رحمت کو آج ہم کس حد تک اپنی زندگیوں میں نافذ کر پائے ہیں۔

06/09/2025

سوشل میڈیا پر جوئے کی تشہیر کا معاملہ: نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے مزید 2 یوٹیوبرز کو طلب کرلیا
یوٹیوبر انس علی اور ندیم مبارک کو9 ستمبر کو طلبی کا نوٹس جاری
آن لائن جوا، بیٹنگ ایپ کےفروغ کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر اور انفلوئنسرز کو نوٹس جاری کر دیے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے سوشل میڈیا پر آن لائن جوئے کی غیر قانونی ایپلیکیشنز کی تشہیر کے معاملے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ایجنسی نے دو مزید معروف یوٹیوبرز، انس علی اور ندیم مبارک کو 9 ستمبر کو اپنے گلبرگ دفتر میں طلب کر لیا ہے۔

ایجنسی کے ترجمان کے مطابق دونوں افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر قانونی جوئے کی ایپس کو فروغ دیا اور عوام کو ان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ان ایپلیکیشنز کے ذریعے معصوم شہریوں کو مالی طور پر نقصان پہنچایا گیا اور انہیں لوٹا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو بھی اسی نوعیت کے الزامات پر لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان پر جوئے کی ایپس کی تشہیر اور عوام کو گمراہ کرنے کا الزام ہے، اور وہ اس وقت سائبر کرائم ایجنسی کی تحویل میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق یہ کارروائیاں غیر قانونی آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارمز کے خلاف جاری وسیع تر مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد سادہ لوح شہریوں کو ان مجرمانہ سرگرمیوں سے بچانا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پیشرفت یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کو گزشتہ ماہ لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد سامنے آئی ہے، جب این سی سی آئی اے نے آن لائن جوئے اور سٹے بازی کی درخواستوں کو فروغ دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔

06/09/2025

اسپورٹی لُک اور زبردست فیچرز؛ جانیں ہونڈا ایسپائر ایس میں کیا ہے خاص
ہونڈا نے 2025 کے لیے اپنی مشہور گاڑی سٹی کا نیا ماڈل Aspire S کے نام سے پیش کر دیا ہے۔ یہ ماڈل نئے رنگ، بہتر ڈیزائن اور کچھ اضافی فیچرز کے ساتھ آیا ہے لیکن اس کا انجن وہی پرانا اور بھروسے مند رکھا گیا ہے جو ہونڈا سٹی کی پہچان ہے۔

اس گاڑی میں اب ایل ای ڈی ہیڈلائٹس اور فوگ لائٹس شامل کی گئی ہیں اور کاربن فائبر جیسا بارڈر لگایا گیا ہے جو گاڑی کو زیادہ جدید اور تیز تاثر دیتا ہے۔ فرنٹ گرِل کو چمکدار کروم کے بجائے سیاہ کروم میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ دروازوں کے ہینڈلز، سائیڈ مررز اور ٹائرز کے ڈیزائن میں بھی سیاہ یا ڈارک کروم ٹچ دیا گیا ہے جو اسے پہلے سے زیادہ اسپورٹی بناتا ہے۔

ہونڈا نے اس ماڈل میں دو نئے رنگ بھی شامل کیے ہیں، ایک ہلکا نیلا جسے Canyon River Blue کہا جا رہا ہے اور ایک تیز سرخ جسے Ignite Red کا نام دیا گیا ہے۔

اس ماڈل میں انجن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ 1.5 لیٹر پیٹرول انجن 118 ہارس پاور کے ساتھ CVT گیئر میں آتا ہے۔ یہ انجن ایندھن بچانے میں مشہور ہے اور شہر میں روزمرہ استعمال کے لیے کافی بہتر سمجھا جاتا ہے۔

گاڑی کے پچھلے حصے میں بلیک رنگ کا اسپوائلر لگایا گیا ہے جس میں ایل ای ڈی بریک لائٹ بھی شامل ہے۔ نئی ریئر لائٹس بھی جدید طرز کی ہیں۔ ڈِگی کی گنجائش 510 لیٹر ہے، جو اپنی کلاس میں سب سے بڑی مانی جا رہی ہے، یہاں تک کہ ہونڈا سوِک سے بھی زیادہ۔

اندرونی حصے میں لیدر کی سیٹیں دی گئی ہیں، اسٹیئرنگ اور گیئر لیور کو لیدر میں خوبصورت سلائی کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ گاڑی میں پُش اسٹارٹ بٹن، کی لیس انٹری اور اندرونی حصے میں گہرے رنگ کا ٹچ دیا گیا ہے جو اسے اسپورٹی انداز دیتا ہے۔

ٹیکنالوجی کے لحاظ سے 9 انچ کی ٹچ اسکرین موجود ہے جس میں نیویگیشن، بلوٹوتھ اور وائرڈ اینڈرائیڈ آٹو کی سہولت موجود ہے لیکن ایپل کار پلے شامل نہیں کیا گیا۔ ساؤنڈ سسٹم 6 اسپیکرز پر مشتمل ہے (4 اسپیکرز اور 2 ٹوئیٹرز)۔ اس کے علاوہ کروز کنٹرول، ایکو موڈ، خودکار بند ہونے والے سائیڈ مررز اور ایندھن بچت میٹر بھی شامل ہیں۔

پچھلی نشستوں پر دو بالغ افراد اور ایک بچہ آرام سے بیٹھ سکتے ہیں یا تین عام قامت والے افراد تھوڑے فاصلے تک بیٹھ سکتے ہیں۔ پچھلی نشستوں پر اے سی وینٹ، دو فاسٹ چارجنگ یو ایس بی پورٹس، ایک 12V ساکٹ اور کپ ہولڈر والا آرم ریسٹ دیا گیا ہے، لیکن درمیان والے مسافر کے لیے ہیڈ ریسٹ موجود نہیں۔

یہ گاڑی اُن خریداروں کے لیے اچھی ہے جو سادہ ماڈلز سے کچھ بہتر اور اسٹائلش سیڈان چاہتے ہیں لیکن مہنگے ماڈلز پر نہیں جانا چاہتے۔ Aspire S روزمرہ کے استعمال کے لیے آرام دہ، خوبصورت اور بھروسا مند انتخاب ہو سکتی ہے۔

06/09/2025
06/09/2025

127 کلو سونا اسمگل کیس: بھارتی ادکارہ رانیا راؤ اور ساتھیوں پر 270 کروڑ روپے جرمانہ عائد

فلمی انداز میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا بھارت اسمگل کرنے والی 31 سالہ بھارتی اداکارہ رانیا راؤ اور ان کے ساتھیوں پر مجموعی طور پر 270 کروڑ بھارتی روپے کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس کی تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ رانیا راؤ نے مجموعی طور پر 127 کلوگرام سونا غیر قانونی طور پر بھارت منتقل کیا۔

اداکارہ کی جانب سے اسمگل کیے گئے سونے کی مجموعی تعداد کو دیکھتے ہوئے اس پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر جرمانہ مقررہ مدت میں ادا نہ کیا گیا تو اداکارہ کی جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔

مذکورہ کیس میں تین دیگر افراد کو بھی ملزم قرار دیا گیا ہے، جس میں سے تارون کونڈور راجو پر 67.6 کلوگرام سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں 62 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اسی طرح ساہل جین اور بھارت جین پر 63.61 کلوگرام سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں بالترتیب 53 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

مذکورہ کیس میں چاروں ملزمان پر مجموعی طور پر 270 کروڑ بھارتی روپے تک کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان پر جرمانوں کے علاوہ فوجداری مقدمات بھی چلائے جائیں گے اور اسمگل شدہ سونے کی وصولی کے لیے قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

رانیا راؤ اور دیگر ملزمان پرعائد یہ جرمانہ بھارت میں حالیہ دنوں میں سونے کی اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑے جرمانوں میں سے ایک ہے۔

رانیا راؤ کو چار مارچ 2025 کو بنگلورو ایئرپورٹ سے ساڑھے 14 کلو سونا جو کہ بھارتی 13 کروڑ روپے کا بنتا ہے، اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

اداکارہ نے فلمی انداز میں کپڑوں اور جسم کے ساتھ سونے کے بسکٹس کو اس طرح چپکایا ہوا تھا کہ اسے تلاش کرنا مشکل تھا، تاہم ایئرپورٹ پر حکام نے انہیں بڑی ہوشیاری سے پکڑا۔

رانیا راؤ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا تھا کہ انہوں نے یوٹیوب سے سونا اسمگل کرنے کا طریقہ سیکھا اور انہوں نے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا تھا۔

06/09/2025

جوئے کی ایپس کی تشہیر: ڈکی بھائی کے بعد FIA نے یوٹیوبر رجب بٹ کو طلب کر لیا
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے جوئے کی ایپس کی تشہیر کی انکوائری کے لیے یوٹیوبر رجب بٹ کو 9 ستمبر کو طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ رجب بٹ ملک میں سب سے زیادہ آن لائن فالوورز رکھنے والے یوٹیوبر میں سے ایک ہیں، تاہم وہ حالیہ برسوں سے تنازعات کا شکار رہے ہیں۔

این سی سی آئی اے کی جانب سے جمعرات کو یوٹیوبر کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف ’آن لائن ٹریڈنگ ایپس کے ذریعے مالی گھپلوں میں ملوث ہونے، نوجوانوں کو آن لائن جوئے کی ایپ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے، آن لائن جوئے کی سرمایہ کاری کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال، معصوم لوگوں کی محنت سے کمائی کی لوٹ مار کے لیے ایک منظم اسکیم تیار کرنے کے الزامات ہیں۔

انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این سی سی آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض کے سامنے منگل کو صبح 11 بجے ذاتی طور پر لاہور کے دفتر میں پیش ہوں اور اپنے دفاع میں بیان ریکارڈ کرائیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’غیر حاضری کی صورت میں یہ سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے یا بیان کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

ادھر، رجب بٹ کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے ڈان کو بتایا کہ رجب بٹ کی نمائندگی ہماری لا فرم کرے گی، ان کی جانب سے 9 ستمبر کو تحریری جواب جمع کرایا جائے گا۔

میاں علی اشفاق کا کہنا تھا کہ رجب بٹ کے کیس کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے، ان کے کیس میں قانون کے مطابق مکمل دفاع کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ پیشرفت یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کو گزشتہ ماہ لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد سامنے آئی ہے، جب این سی سی آئی اے نے آن لائن جوئے اور سٹے بازی کی درخواستوں کو فروغ دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔

اس کے بعد سے سعد الرحمٰن مسلسل جسمانی ریمانڈ پر ہیں، آج بھی سوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 دن کی توسیع کردی گئی تھی۔

06/09/2025

جوا ایپس کی تشہیر: ٹک ٹاکر اقرا کنول کو بھی نوٹس جاری
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے یوٹیوبر اقرا کنول کو بھی جوا کھیلنے والی ایپلی کیشنز کی تشہیر کے معاملے میں طلب کرلیا۔

ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز کے خلاف ’این سی سی آئی اے‘ نے تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے رجب بٹ کے بعد اقرا کنول کو بھی نوٹس جاری کردیا جب کہ سعدالرحمٰن المعروف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ پہلے ہی زیر تفتیش ہیں۔

مذکورہ تحقیقات 28 اگست کو شروع ہوئیں، جس کے بعد اب تک اقرا کنول کو دو نوٹسز بھیجے جا چکے ہیں۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بھی دیگر یوٹیوبرز جیسے ڈکی بھائی کی طرح سوشل میڈیا پر جوا کھیلنے والی ایپس کو فروغ دیا۔

ایجنسی اس سے پہلے یوٹیوبر سعد الرحمٰن اور مدثر حسن کو گرفتار کرچکی ہے، ان پر الزام تھا کہ وہ ایسی ایپس کو فروغ دے کر لوگوں کو غیر قانونی سرمایہ کاری کے لیے اکسا رہے تھے۔

اقرا کنول کے علاوہ رجب بٹ اور محمد انس کو بھی ایجنسی نے 9 ستمبر کو لاہور دفتر میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

این سی سی آئی اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر اقرا کنول پیش نہ ہوئیں تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس اپنی صفائی میں پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

اقرا کنول نے اپنے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق کے ذریعے تحریری جواب جمع کروا دیا ہے۔

انہوں نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ وہ حاملہ ہیں اور جلد ماں بننے والی ہیں، اس حالت میں وہ حاضر نہیں ہوسکتیں، ڈاکٹرز نے بھی کم از کم دو ماہ کے آرام کی ہدایت کی ہے۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ صحت یاب ہونے کے بعد اقرا کنول تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گی اور تمام ریکارڈ فراہم کریں گی۔

ان کے وکیل نے درخواست کی ہے کہ انہیں کم از کم دو ماہ کی مہلت دی جائے۔

بیرسٹر اشفاق نے تصدیق کی کہ جواب 2 ستمبر کو تیار کیا گیا اور بعد میں قانونی حکمتِ عملی کے تحت جمع کرایا گیا۔

06/09/2025

والد کے انتقال کے بعد کنسرٹ کرنے پر تنقید کرنے والوں کو عاطف اسلم کا دوٹوک جواب

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکارعاطف اسلم گزشتہ دنوں پاکستان اور بیرونِ ملک مسلسل کنسرٹس کر رہے ہیں اور اپنی شاندار آواز اور پرفارمنس سے مداحوں کو دل جیت رہے ہیں۔ فی الحال وہ کینیڈا میں اپنے فینز کو محظوظ کر رہے ہیں۔

کینیڈا میں مقیم بھارتی نژاد صحافی فریدون شہریار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عاطف اسلم نے ان دنوں ان پر ہونے والی شدید تنقید پر بات کی۔ تنقید کا محور یہ تھا کہ عاطف اسلم نے والد کے انتقال کے فوراً بعد پرفارم کیا، جس پر سوشل میڈیا پر ملے جُلے ردعمل اور تبصرے دیکھنے میں آئے۔

عاطف اسلم نے کہا، جب لوگ میرے بارے میں الٹی سیدھی باتیں کرتے ہیں تو میں بغاوت پر اتر آتا ہوں جیسے حال ہی میں میرے بارے میں باتیں بنائی گئیں کہ والد کے انتقال کے بعد بھی میں اگلے دن کنسرٹ کر رہا تھا۔ مجھے احساس ہوا کہ یہ لوگ میرے دکھ کو اپنے چینلز کی کمائی کا ذریعہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ میرا ہے کہ مجھے اسٹیج پر جانا چاہیے یا نہیں۔ اس لے لیے مجھے کسی کی اجازت یا رائے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ میرا کام نہیں کہ میں ہر کسی کو اپنی وضاحت دیتا پھروں۔

عاطف اسلم نے واضح کیا کہ میری زندگی پوری دنیا کے لیے نہیں ہوسکتی۔ آپ مجھےمیرے فن کے لیے چاہ سکتے ہیں، میری موسیقی کے لیے برا کہہ سکتے ہیں لیکن یہ کسی کو حق نہیں پہنچتا ہے۔ اس لیے مجھ سے یہ توقع نہ رکھی جائے کہ میں ہر بار صفائی پیش کروں گا۔

06/09/2025

کورین ٹائپ نہیں مردانہ وجاہت رکھنے والے مرد سے شادی کروں گی، جینس ٹیسا

ماڈل و اداکارہ جینس ٹیسا نے کہا ہے کہ وہ دیسی خیالات کی لڑکی ہیں، انہیں کورین ٹائپ کے لڑکے پسند نہیں، وہ مردانہ وجاہت رکھنے والے مرد سے شادی کرنا چاہیں گی۔

جینس ٹیسا نے حال ہی میں ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مستقبل میں اپنے شریک حیات کے معاملے پر بھی کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے ماضی میں محبت کیے جانے اور دل ٹوٹنے کا انکشاف بھی کیا اور کہا کہ یک طرفہ محبت عذاب ہوتی ہے، ایسی محبت نہیں ہونی چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں نسلی تعصب کا سامنا بھی کرنا پڑا، ان کی رنگت کی وجہ سے انہیں مسترد بھی کیا گیا۔
ماڈل و اداکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے بہت زیادہ نسلی تعصب کا سامنا نہیں کیا، تاہم انہیں بھی روایتی تعصب کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان میں خوبصورتی کے الگ معیارات ہوتے ہیں۔

ان کے مطابق ماڈلنگ کی طرح ان کا اداکاری کا کیریئر بھی اچھا جا رہا ہے اور اب تک ان کے کام کو پسند کیا جا رہا ہے اور انہیں بھی اداکاری میں مزہ آ رہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں جینس ٹیس نے کہا کہ شوبز اور فیشن میں آنے والے نئے لڑکوں اور لڑکیوں کو اپنے کیریئر پر توجہ دینی چاہیے، انہیں اپنا موازنہ کسی سے نہیں کرنا چاہیے۔

ان کے مطابق ہر کسی کا اپنا کیریئر ہوتا ہے، کوئی کسی کی جگہ نہیں لیتا، نئے لوگ یہ سوچ کر آئیں کہ وہ کسی سے آگے نکلنے کی دوڑ کا حصہ نہیں، وہ صرف اپنی جگہ بنانے پر فوکس کریں تو انہیں کامیابی ضرور ملے گی۔

مستقبل کے شریک حیات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ہمدرد اور نیک سیرت انسان سے شادی کرنا چاہیں گی جو متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہو۔

جینس ٹیسا کا کہنا تھا کہ انہیں دراز قد اور مردانہ وجاہت رکھنے والے مرد پسند ہیں، جنہیں داڑھی ہو اور رعبدار شخصیت ہو۔

ان کے مطابق انہیں کوریا کے لڑکوں کی طرح کے نازک لڑکے پسند نہیں، وہ مردانہ وجاہت رکھنے والے بارعب مرد سے شادی کریں گی۔

06/09/2025

فیروز خان اداکاری کے بجائے ہیروئزم پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں، عتیقہ اوڈھو
اداکارہ و ڈراما مبصر عتیقہ اوڈھو نے اداکار فیروز خان کی اداکاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اداکاری پر توجہ دینے کے بجائے ہر وقت ہیرو نظر آنے کی کوشش کرتے ہیں، وہ ہیروئزم سے نہیں نکلتے۔

عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں ’کیا ڈراما ہے‘ نامی شو میں تبصرہ کرتے ہوئے فیروز خان کو ان کی اداکاری کے اسٹائل پر آڑے ہاتھوں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیروز خان کی اداکاری کو دیکھ کر لگ رہا ہوتا ہے کہ وہ اداکاری کر رہے ہیں، حالانکہ ایسا لگنا نہیں چاہیے۔

ان کے مطابق اداکار کرداروں میں ڈھل جاتے ہیں لیکن فیروز خان کرداروں میں ڈھلنے کے بجائے ہیروئزم میں رہتے ہیں۔

عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے ہر وقت ایک ہی انداز میں رہنے، ہیرو نظر آنے کی کوشش کی وجہ سے ان کے کردار کمزور پڑنے لگتے ہیں، اداکاری پیچھے رہ جاتی ہے، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فیروز خان ہر وقت ہیرو نظر آنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، وہ اپنی مخصوص دنیا سے ہی باہر نہیں نکلتے، جس وجہ سے ان کی اداکاری کمزور پڑنے لگتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ فیروز خان کی حالیہ نشر ہونے والے ڈرامے اچھے جا رہے ہیں لیکن وہ اپنے ہیروئزم سے نہیں نکل رہے۔

06/09/2025

ایمان کی رجب بٹ کے گھر واپسی ، علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئیں
فیملی وی لاگ میں خوشی کا اعلان، ایمان کا سسرال میں پرتپاک استقبال
پاکستان کے معروف اور متنازع ڈیجیٹل کریئیٹر اور یوٹیوبر رجب بٹ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ سےعلیحدگی کی گردش کرتی افواہوں کے باعث خبروں میں رہے۔ تاہم، ان تمام خبروں کی حقیقت آخرکار سامنے آگئی ہے۔

7.3 ملین سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے رجب بٹ کی اہلیہ ایمان رجب حال ہی میں اپنے سسرال واپس پہنچی ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
والدین اور بہن غزل نے ایمان کو خوش آمدید کہا اورپھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس طرح یہ ثابت ہوگیا کہ رجب اور ایمان کے درمیان علیحدگی کی تمام خبریں بےبنیاد اور جھوٹی تھیں، جو مختلف فین پیجز نے پھیلائی تھیں۔

اس موقع پر خاندان کے تمام افراد نے اپنے خیالات اور خوشی کا اظہار کیا جبکہ رجب بٹ نے ویڈیو کال کے ذریعے اپنے اہل خانہ اور ایمان کے ساتھ گفتگو کی اور سب کے سامنے اپنی بیوی سے معافی بھی مانگی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کیا کہ جو معاملات چل رہے تھے اس وجہ سے و ہ پچھلے چھ سے آٹھ ماہ کے دوران ان کی زندگی میں آنے ولی خوشیوں کو شیئر نہیں کرسکے۔

ایمان نے بھی اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ وہ اور رجب جلد ہی والدین بننے والے ہیں اور مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی۔
سوشل میڈیا صارفین ایمان کی واپسی پر بے حد خوش نظر آئے۔ ایک صارف نے کمنٹ کیا: ”ایمان جی کو ہمیشہ خوش رکھیں، یہ بہت نیک اور پاکیزہ انسان ہیں، انہیں اب سکون اور محبت کی ضرورت ہے۔“

ایک اور مداح نے لکھا: ”گھر عورتیں بچاتی ہیں، مردوں میں یہ ہنر نہیں ہوتا۔“

مداح ایمان کی برداشت، ہمت اور اپنے گھر کو سنبھالنے کے عزم کو بھی سراہ رہے ہیں۔ بیشتر صارفین نے رجب کے خاندان کو نصیحت کی کہ ایمان کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ انہوں نے مشکل وقت برداشت کیا ہے۔

یوں، ایک طرف علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئیں تو دوسری طرف رجب اور ایمان نے اپنی نئی زندگی کی خوشخبری کے ساتھ فینز کے دل بھی جیت لیے۔

Address


Telephone

+923454763890

Website

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Zubair Sabir posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Contact The Business

Send a message to Zubair Sabir:

  • Want your business to be the top-listed Media Company?

Share