Health Info Desk

Health Info Desk Contact information, map and directions, contact form, opening hours, services, ratings, photos, videos and announcements from Health Info Desk, Digital creator, Vehari.

ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی میں مریضوں کی مکمل رہنمائی، بزرگوں اور خصوصی مریضوں کو ترجیح، ڈاکٹرز کی آؤٹ ڈور معلومات، آپریشن اور ٹیسٹ کی تفصیلات، پیشنٹ فیسلیٹیشن ڈیپارٹمنٹ ڈیسک پر آسان سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

14/03/2026

شوگر کے مریض کیلئے خطرناک لاپرواہی!
آگ سے پاؤں جلنے پر دو ماہ بعد سنگین حالت
ڈاکٹر زین العابدین کی اہم ہدایات
ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی کے ارتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر زین العابدین کے پاس ایک 60 سالہ خاتون مریضہ پیش ہوئیں جو شوگر کی مریضہ تھیں۔ سردی کے موسم میں آگ کے قریب بیٹھنے کی وجہ سے ان کا پاؤں جل گیا لیکن شوگر کی وجہ سے پاؤں کی حس (Sensation) کم ہونے کے باعث انہیں بروقت تکلیف محسوس نہ ہوئی۔
دو ماہ گزرنے کے بعد زخم شدید ہو گئے اور پاؤں سے لے کر گھٹنے تک حصہ کالا (Gangrene) ہونا شروع ہو گیا۔ شوگر کے مریضوں میں عموماً اعصاب کمزور ہونے اور خون کی شریانوں کے بلاک ہونے کی وجہ سے ایسے زخم تیزی سے بگڑ سکتے ہیں اور انفیکشن کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
ڈاکٹر زین العابدین کا عوام سے اہم پیغام ہے کہ میری تمام لوگوں خصوصاً شوگر کے مریضوں سے یہی گزارش ہے کہ اپنے ہاتھوں اور پاؤں کا خاص خیال رکھیں۔ اگر کسی بھی قسم کا زخم، جلنا، سوجن یا رنگ میں تبدیلی نظر آئے تو اسے معمولی نہ سمجھیں بلکہ فوراً مستند ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔ کیونکہ شوگر کے مریضوں میں اعصاب کی کمزوری اور خون کی شریانوں کی رکاوٹ کی وجہ سے چھوٹا سا زخم بھی سنگین شکل اختیار کر سکتا ہے۔ بروقت تشخیص اور علاج نہ صرف پیچیدگیوں سے بچاتا ہے بلکہ مریض کی زندگی اور اعضاء کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحت و سلامتی عطا فرمائے۔ شکریہ۔











14/02/2026

ڈاکٹر سعید انور بھٹی ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی
السلام علیکم۔
آج ہمارے پاس ایک 15 دن کا بچہ آیا ہے سرکمسژن (ختنہ) کے حوالے سے۔ اس بارے میں ہم دو تین اہم باتیں آپ سے شیئر کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بچہ اس وقت یرقان (پیلیا) میں مبتلا ہے۔ عام طور پر بچوں میں یرقان 20 دن کے اندر ٹھیک ہو جاتا ہے، لیکن اس بچے کا یرقان ابھی تک ختم نہیں ہوا، اس لیے اس وقت اس کا ختنہ نہیں کیا جا سکتا۔
طبی اصول کے مطابق ہمیں کم از کم 25 سے 30 دن تک انتظار کرنا چاہیے، بلکہ اگر سوا مہینہ ہو جائے تو اور بھی بہتر ہے۔
ختنہ سے پہلے بچے کے کچھ ٹیسٹ بہت ضروری ہوتے ہیں:
PT / APTT
جس سے خون کے جمنے کی صلاحیت کا پتہ چلتا ہے۔
CBC
جس سے بچے کے خون کی مقدار اور کیفیت معلوم ہوتی ہے۔
کیونکہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ سرکمسژن کے بعد خون بہنا بند نہیں ہوتا۔ اگر غیر مستند جگہ سے ختنہ کروایا جائے تو بچے کی جان کو شدید خطرہ ہو سکتا ہے۔
لہٰذا جب بھی ختنہ کروائیں، پہلے مستند ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں، ضروری ٹیسٹ کروائیں، اور اس کے بعد ہی عمل کروائیں۔
شکریہ۔







29/01/2026

28 تاریخ دوپہر ٹھیک بارہ بج کر پچاس منٹ پر میں ایم ایس آفس سے باہر نکلا تو پیچھے سے اقبال، سیکیورٹی گارڈ، کی آواز سنائی دی۔ میں نے مڑ کر دیکھا تو ان کے ساتھ ایک نہایت نحیف و نزار شخص کھڑا تھا۔ چہرے پر طویل بیماری کے آثار نمایاں تھے، بدن میں سکت باقی نہ رہی تھی اور قدم لڑکھڑا رہے تھے۔ یہ محمد ممتاز تھے، موضع مصطفیٰ آباد، کرم پور، وہاڑی کے رہائشی۔ حالات کی سختیوں اور بیماری نے انہیں وقت سے پہلے بوڑھا کر دیا تھا۔
اقبال نے بتایا کہ یہ بزرگ اکیلے آئے ہیں اور ان کا طبی معائنہ کروانا ہے۔ چونکہ میرا شعبہ مددگار ہے، یعنی پیشنٹ فیسلٹیشن ڈیپارٹمنٹ، جہاں ایسے بے یار و مددگار مریضوں کی رہنمائی، آگاہی اور ان کے معائنے کا بندوبست کیا جاتا ہے، اس لیے میں نے فوراً ان کی بات سنی اور انہیں ساتھ لے لیا۔
میں نے ان سے ان کا مسئلہ دریافت کیا تو انہوں نے مدھم آواز میں بتایا کہ جب بھی وہ خوراک کھاتے ہیں تو وہ گلے سے نیچے نہیں اترتی، اور یہ تکلیف ایک مہینہ اور نو دن سے مسلسل جاری ہے۔ میں نے پوچھا کہ کیا ان کے ہمراہ کوئی آیا ہے تو انہوں نے نگاہیں جھکا کر کہا کہ وہ تنہا ہیں اور لاوارث ہیں۔ جب اس کی وجہ پوچھی تو کہنے لگے کہ کوئی ہے ہی نہیں۔ بعدازاں بتایا کہ ایک بھائی اور ایک بہن ہیں، بہن اپنے گھر بار میں مصروف ہے اور بھائی اپنے بچوں میں، اس لیے کوئی ان کے ساتھ آنے والا نہ تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دس دن تک وہ چارپائی پر ہی پڑے رہے، تین دن مسلسل الٹیاں لگتی رہیں اور تین دن موشن کی کیفیت رہی، یہاں تک کہ انہیں وہیں لٹا دیا گیا۔ میں نے ان سے ان کے اہلِ خانہ کے بارے میں پوچھا تو بتایا کہ بچے ہیں، مگر گزشتہ پانچ برس سے بیوی اور بچے ان سے جدا ہیں۔ بیوی ان سے ناراض ہے، اور ان کے الفاظ میں، بیوی کے لیے وہ گویا مر چکے ہیں۔ وضاحت پر کہا کہ بیوی زندہ ہے، مگر اس نے انہیں اپنی زندگی سے الگ کر دیا ہے۔
وہ ہلکے سے لنگڑا کر چل رہے تھے۔ پوچھنے پر بتایا کہ ایک ماہ قبل پاؤں میں چوٹ آئی تھی، مگر اصل مسئلہ وہی تھا جس کے باعث وہ ہسپتال آئے تھے، یعنی خوراک کا گلے میں اٹک جانا۔ میں نے ان سے عمر پوچھی تو پہلے پینتیس برس بتائی، پھر اڑتیس۔ چہرے پر پھیلے سفید بال اور کمزور جسم دیکھ کر میں نے شناختی کارڈ طلب کیا تو معلوم ہوا کہ ان کی عمر اڑتالیس برس ہے۔ بیماری اور حالات نے عمر سے کہیں زیادہ بوجھ ان کے کندھوں پر ڈال دیا تھا۔
میں نے فوری طور پر ان کی پرچی بنوائی، بلڈ پریشر چیک کروایا اور کمرہ نمبر دو میں ڈاکٹر احمد ذی وقار، کنسلٹنٹ میڈیکل فزیشن، کے پاس لے گیا جہاں ان کا تفصیلی معائنہ کروایا گیا۔ ڈاکٹر صاحب نے نہایت توجہ اور شفقت سے ان کی کیفیت سنی، مکمل طبی معائنہ کیا اور ضروری ادویات تجویز کیں، جن میں چند گولیاں اور شربت شامل تھے، ساتھ ہی دو ہفتے بعد دوبارہ معائنے کی ہدایت کی۔
معائنے کے بعد میں انہیں کمرہ نمبر سات کی جانب لے گیا، جہاں آن لائن ٹوکن سسٹم کے ذریعے پرنٹ آؤٹ حاصل کیا گیا، پھر ادویات دلوائی گئیں۔ میں نے انہیں ہر دوا کا طریقۂ استعمال سمجھایا اور آخرکار دعاؤں کے ساتھ انہیں گھر کی طرف روانہ کیا۔ جاتے ہوئے انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ بھائی، آپ کا نام کیا ہے۔ میں نے عرض کیا کہ میرا نام محسن ہے اور میرا شعبہ مددگار ہے۔ میں پیشنٹ فیسلٹیشن ڈیپارٹمنٹ میں اُن مریضوں کے لیے ہوں جو اکیلے آتے ہیں، جو ویل چیئر یا اسٹریچر پر ہوتے ہیں اور جو ہسپتال کی بھیڑ میں بے سہارا ہو جاتے ہیں۔
یہ محض ایک مریض کا طبی معائنہ نہ تھا بلکہ ایک احساس تھا کہ اگر کوئی ایک انسان بھی وقت پر دوسرے انسان کا ہاتھ تھام لے تو شاید وہ خود کو لاوارث محسوس نہ کرے۔ بیمار انسان کو صرف دوا کی نہیں، توجہ اور ساتھ کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ یہی ساتھ اصل انسانیت ہے،




16/01/2026

🏥 مریضوں کے لیے اہم رہنمائی
پیشنٹ فیسلٹیشن ڈیسک سے کون سی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں؟
اگر آپ یا آپ کے اہلِ خانہ ہسپتال آئے ہیں اور سمجھ نہیں آ رہا کہاں جانا ہے تو پریشان نہ ہوں
👉 سب سے پہلے پیشنٹ فیسلٹیشن ڈیسک سے رجوع کریں۔
🔹 یہاں آپ کو درج ذیل معلومات فراہم کی جاتی ہیں:
✅ متعلقہ ڈاکٹر اور او پی ڈی کی مکمل رہنمائی
✅ ایمرجنسی کیس میں فوری رہنمائی
✅ لیب ٹیسٹ (خون، ایکسرے، الٹراساؤنڈ، سی ٹی اسکین) کی معلومات
✅ مریض کے داخلے (Admission) کا طریقہ کار
✅ سرجری اور آپریشن سے متعلق رہنمائی
✅ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور وارڈز کا پتہ
✅ ویل چیئر اور دیگر سہولیات کی معلومات
✅ شکایات اور رہنمائی کے لیے درست پلیٹ فارم
📌 ہمارا مقصد
مریض کو درست معلومات، بروقت رہنمائی اور آسان رسائی فراہم کرنا تاکہ علاج میں تاخیر نہ ہو۔
🙏 براہِ کرم ہسپتال آنے پر
غلط فہمی سے بچیں، سیدھا پیشنٹ فیسلٹیشن ڈیسک پر آئیں۔






16/01/2026

ایمرجنسی یا او پی ڈی؟ درست رہنمائی ہر مریض کے لیے
محترم شہریو!
اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ کوئی مریض صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان ایمرجنسی میں آتا ہے، لیکن جب ڈاکٹر معائنہ کرتے ہیں تو وہ کیس ایمرجنسی کا نہیں ہوتا۔ ایسی صورت میں ایمرجنسی ڈاکٹر مریض کو درست رہنمائی دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ او پی ڈی (آؤٹ ڈور) میں جا کر معائنہ کروائیں۔
یہ بات سمجھنا بہت ضروری ہے 👇
ایمرجنسی کا ٹوکن او پی ڈی میں قابلِ استعمال نہیں ہوتا۔
اسی وجہ سے مریض یا تیماردار کو او پی ڈی کا الگ ٹوکن لینے کا کہا جاتا ہے، جس پر بعض اوقات غلط فہمی پیدا ہو جاتی ہے کہ “ہمیں بلا وجہ گھمایا جا رہا ہے” حالانکہ ایسا ہرگز نہیں ہے۔
📝 او پی ڈی میں معائنہ کروانے کا درست طریقہ:
1️⃣ مسجد کے قریب موجود او پی ڈی پرچی روم جائیں
2️⃣ شناختی کارڈ (CNIC) دکھا کر او پی ڈی پرچی حاصل کریں
3️⃣ جس ڈاکٹر سے معائنہ کروانا ہو، اس کا نام بتا کر ٹوکن لیں
4️⃣ ٹوکن لینے کے بعد NCD کاؤنٹر پر جا کر بلڈ پریشر اور شوگر چیک کروائیں
5️⃣ پھر متعلقہ ڈاکٹر کے کمرے میں جا کر ٹوکن جمع کروائیں
6️⃣ اپنی باری آنے پر ڈاکٹر سے باقاعدہ معائنہ کروائیں
♿ خصوصی سہولت:
ویل چیئر یا اسٹریچر پر آنے والے مریضوں کو
سب سے پہلے معائنہ کروایا جاتا ہے تاکہ انہیں انتظار کی تکلیف نہ ہو۔
یہ پیغام مریض سہولت / مددگار کاؤنٹر کی جانب سے صرف عوامی آسانی اور بہتر علاج کے مقصد کے لیے ہے۔
درست طریقہ اپنانے سے وقت بھی بچتا ہے اور مریض کو بہتر سہولت ملتی ہے۔
📢 آگاہی پھیلائیں، غلط فہمیاں ختم کریں، اور سہولت حاصل کریں







21/12/2025

دماغ بالکل ٹھیک نکلا… مسئلہ کہاں تھا؟

چھ ماہ کا سر درد، اصل وجہ ناک کی بیماری ایک مکمل ENT معائنہ کی حقیقی کہانی | DHQ ہسپتال وہاڑی

🔹جب مسلسل سر درد دواؤں سے ٹھیک نہ ہو، تو مسئلہ دماغ نہیں بلکہ ناک کے اندر چھپی بیماری بھی ہو سکتا ہے۔
شیخ فاضل سے آنے والے عبدالحفیظ بھائی کا چھ ماہ پرانا مسئلہ، بالآخر ENT معائنے سے واضح ہوا۔

یہ ویڈیو ہر اُس شخص کے لیے ہے جو بار بار سر درد، ناک بند، نزلہ اور الرجی کا شکار ہے۔

🔹 مکمل آگاہی تحریر
19 دسمبر 2025، صبح 8:20 بجے میں، محسن ریاض، اپنے میڈیکل سٹور پر پہنچا۔
اسی دوران عبدالحفیظ صاحب، علاقہ شیخ فاضل، ناک کان گلے کے معائنے کے لیے آئے۔
ایک دن پہلے ہمارے بھائی محمد فاروق نے رابطہ کر کے بتایا تھا کہ مریض کافی عرصے سے پریشان ہے اور ENT معائنہ نہایت ضروری ہے۔
عبدالحفیظ صاحب نے بتایا کہ
2016 میں ایک حادثے کے دوران ان کی ناک کی ہڈی فریکچر ہوئی تھی، جس کا آپریشن ہوا۔
چھ ماہ پہلے انہیں شدید سر درد شروع ہوا، جس کے لیے انہوں نے مسلسل دماغ کی ادویات استعمال کیں۔
جب تک دوا لیتے رہے، درد کنٹرول میں رہا، دوا چھوڑتے ہی درد واپس آ گیا۔
لاہور جنرل ہسپتال میں مکمل معائنہ اور CT Scan کروایا گیا،
جہاں یہ بات سامنے آئی کہ دماغ بالکل ٹھیک ہے، اصل مسئلہ ENT یعنی ناک کا ہے۔
اسی مقصد کے تحت میں DHQ ہسپتال وہاڑی پہنچا۔
سمال گیٹ سے داخل ہو کر آؤٹ ڈور پرچی کاؤنٹر سے
شناختی کارڈ دکھا کر ENT ٹوکن حاصل کیا گیا۔
🟢 پیشنٹ فیسلٹیشن ڈیسک کا کردار
دائیں جانب پیشنٹ فیسلٹیشن کاؤنٹر جہاں ہر مریض کو مکمل رہنمائی دی جاتی ہے
بائیں جانب ابتدائی NCD کاؤنٹر جہاں بلڈ پریشر اور شوگر چیک کی جاتی ہے
بعد ازاں ہم کمرہ نمبر 08 پہنچے،
جہاں ڈاکٹر اسد علی رانا (ENT سرجن) موجود تھے۔
ڈاکٹر صاحب نے:
مریض کی مکمل ہسٹری لی
CT Scan رپورٹس چیک کیں
ناک، گلا اور کانوں کا تفصیلی معائنہ کیا
🩺 تشخیص
مریض کو Nasal Polyps تشخیص ہوئے
جو پرانی الرجی کی وجہ سے بنے تھے،
اور یہی پولپس سر درد، ناک بند اور دیگر علامات کا سبب بن رہے تھے۔
ڈاکٹر صاحب نے واضح کیا کہ:
دواؤں سے وقتی آرام ممکن ہے
مستقل حل کے لیے Endoscopic Sinus Surgery (FESS) ضروری ہے
آپریشن کے بعد احتیاط نہایت اہم ہے تاکہ بیماری دوبارہ نہ ہو
💊 ادویات اور اگلا مرحلہ
معائنے کے بعد:
کمرہ نمبر 07 سے آن لائن سسٹم کے تحت پرنٹ آؤٹ حاصل کیا گیا
وہیں موجود فارمیسی سے ادویات لی گئیں
مریض سے تسلی پوچھی گئی تو انہوں نے کہا:
الحمدللہ، میں مکمل مطمئن ہوں

🔹 معائنے کا مکمل طریقہ کار (Step by Step)
1️⃣ ہسپتال میں داخلہ (سمال گیٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی)
2️⃣ آؤٹ ڈور پرچی / ٹوکن حاصل کرنا
3️⃣ پیشنٹ فیسلٹیشن ڈیسک سے رہنمائی
4️⃣ NCD کاؤنٹر (BP / شوگر اگر ضرورت ہو)
5️⃣ ENT کمرہ نمبر 08 میں معائنہ
6️⃣ CT Scan اور فزیکل چیک اپ
7️⃣ تشخیص اور علاج کا فیصلہ
8️⃣ کمرہ نمبر 07 سے پرنٹ آؤٹ
9️⃣ فارمیسی سے ادویات حاصل کرنا
🔟 ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل

🔹 پیغام
یہ صرف ایک مریض کی رہنمائی نہیں،
بلکہ ہر اُس شخص کے لیے رہنمائی ہے جو
بار بار سر درد کو نظر انداز کر رہا ہے۔
ہر سر درد دماغ کا مسئلہ نہیں ہوتا کبھی ناک بھی وجہ بن سکتی ہے۔










20/12/2025

ناک کی الرجی اور ناک کے غدود (Nasal Polyps) بروقت تشخیص اور جدید علاج

📝 ناک بند رہنا، بار بار نزلہ، سر درد یا آنکھوں سے پانی آنا؟
یہ صرف الرجی نہیں بلکہ ناک کے غدود (Nasal Polyps) کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔
ماہر ای این ٹی سرجن سے بروقت معائنہ اور صحیح علاج بے حد ضروری ہے۔
📢 السلام علیکم میرا نام ڈاکٹر اسد علی رانا ہے، میں ای این ٹی سرجن ہوں اور ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی میں خدمات سرانجام دے رہا ہوں۔
آج ہمارے پاس ایک مریض آیا جس کا مکمل معائنہ کیا گیا۔
مریض کا سی ٹی سکین چیک کیا گیا، ناک، گلا اور کانوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
معائنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مریض کے دونوں ناک کے راستوں میں غدود (Bilateral Nasal Polyps) موجود ہیں، جو ناک کے اردگرد موجود خالی جگہوں یعنی پیرانیزل سائنَسز (Paranasal Sinuses) سے نکل کر ناک کے اندر آ گئے ہیں۔
ان غدود بننے کی سب سے بڑی وجہ ناک کی پرانی الرجی ہوتی ہے۔
ناک کی الرجی مختلف وجوہات سے ہو سکتی ہے، جیسے:
موسمی تبدیلی
مٹی، دھول یا گرد
ٹھنڈی یا کھٹی چیزوں کا زیادہ استعمال
گھروں میں پالتو جانور (کبوتر، بلی وغیرہ)
پرانے، بند یا غیر صاف کمرے
اگر الرجی طویل عرصے تک رہے تو ناک میں غدود بننا شروع ہو جاتے ہیں، جن کی علامات یہ ہو سکتی ہیں:
ناک سے مسلسل نزلہ آنا
ناک بند رہنا
سر میں درد
آنکھوں سے پانی آنا
گلے میں خراش یا کھرکھراہٹ
ابتدائی مرحلے میں دوائی اور پرہیز سے علامات کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے،
لیکن مستقل اور مؤثر علاج کے لیے اینڈوسکوپک سائنَس سرجری کی جاتی ہے،
جس میں ناک کے اندر کیمرے کے ذریعے سائنَسز کو صاف کیا جاتا ہے۔
سرجری کے بعد مریض کو کچھ احتیاطی تدابیر اور پرہیز اختیار کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ یہ مسئلہ دوبارہ پیدا نہ ہو۔
👉 بروقت تشخیص اور صحیح علاج ہی صحت مند زندگی کی ضمانت ہے۔









16/12/2025

پیدائشی ناک کی ہڈی ٹیڑھی ہو تو فوراً آپریشن کیوں نہیں کیا جاتا؟

اگر بچے کی ناک کی ہڈی پیدائشی طور پر ٹیڑھی ہو تو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
ہر مسئلے کا ایک درست وقت اور درست علاج ہوتا ہے۔
ناک کی ہڈی کا آپریشن بچپن میں نہیں بلکہ میچور عمر میں کیا جاتا ہے۔

🔹 آگاہی تحریر

بعض بچے پیدائش کے وقت ناک کی ہڈی کے ٹیڑھے پن (Deviated Nasal Septum) کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ اس مسئلے کی وجہ سے بچے کو ناک بند رہنے، منہ سے سانس لینے اور سوتے وقت خراٹوں کی شکایت ہو سکتی ہے۔

اکثر والدین یہ سوال کرتے ہیں کہ
کیا اس کا آپریشن ابھی کروانا ضروری ہے؟

طبی اصولوں کے مطابق بچوں میں ناک کی ہڈی کا آپریشن کم عمری میں نہیں کیا جاتا کیونکہ اس دوران ناک کی ہڈی کی نشوونما (Growth) جاری ہوتی ہے۔ اگر اس عمر میں آپریشن کر دیا جائے تو ناک کی قدرتی بڑھوتری متاثر ہو سکتی ہے۔

اسی لیے پوری دنیا میں یہ طریقہ اپنایا جاتا ہے کہ
ناک کی ہڈی کا آپریشن 15 سے 17 سال کی عمر کے بعد کیا جائے، جب ناک مکمل طور پر میچور ہو جاتی ہے۔

تب تک: ✔ دوائیوں سے ناک کی بندش کو کنٹرول کیا جاتا ہے
✔ الرجی کا علاج کیا جاتا ہے
✔ سانس اور نیند کے مسائل میں بہتری لائی جاتی ہے

ان شاء اللہ مناسب عمر میں بروقت آپریشن سے مسئلہ مستقل طور پر حل ہو جاتا ہے۔














14/12/2025

آنکھوں کا مسئلہ نہیں تھا، دماغ کا خطرہ تھا | بروقت تشخیص کی اہمیت

📝آگاہی تحریر

ایک بزرگ مریض، عمر تقریباً 60 سال،
اچانک آنکھوں سے دکھائی دینا بند ہو گیا۔
آئی کمپلیکس میں معائنہ ہوا تو آنکھوں میں کوئی خرابی نہ نکلی۔

اصل مسئلہ آنکھوں میں نہیں بلکہ دماغ میں تھا۔

مریض کو پہلے سے بلڈ پریشر کا مسئلہ تھا،
تین دن پہلے BP بڑھنے کے بعد
نظر جانا، شدید کمزوری، چلنے میں مشکل پیدا ہوئی۔

میڈیسن فزیشن کے مشورے پر فوری MRI کروائی گئی
جس سے اسٹروک / دماغی شریان کی بندش کی تشخیص ہوئی۔

بروقت علاج، داخلہ اور تین دن کی نگرانی کے بعد
آج الحمدللہ مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔

⚠️ یاد رکھیں:
نظر کا اچانک جانا ہمیشہ آنکھوں کا مسئلہ نہیں ہوتا،
یہ خاموش اسٹروک کی علامت بھی ہو سکتا ہے۔

🧠 یہ معاملہ کیوں پیش آیا؟ (سادہ الفاظ میں)

اچانک بلڈ پریشر بڑھ گیا

دماغ کی وہ شریان متاثر ہوئی جو نظر کے مرکز کو خون دیتی ہے

وقتی طور پر دماغ کو آکسیجن نہیں ملی

اسی لیے:

نظر چلی گئی

شدید کمزوری محسوس ہوئی

چلنے میں دشواری ہوئی

یہ حالت اکثر: ❗ Mini Stroke (TIA)
یا
❗ Posterior Circulation Stroke
کی وجہ سے ہوتی ہے

اسی لیے آنکھیں نارمل تھیں لیکن مسئلہ دماغ میں تھا۔

🚨 عوام کے لیے اہم پیغام

اگر کسی کو اچانک:

نظر کم ہو جائے یا ختم ہو جائے

جسم میں شدید کمزوری آ جائے

چلنے، بولنے یا توازن میں مسئلہ ہو

بلڈ پریشر ہائی ہو

تو فوراً نیورو فزیشن / میڈیکل فزیشن سے رجوع کریں
صرف آنکھوں کا علاج کافی نہیں ہوتا۔









12/12/2025

شوگر 518 ڈاکٹر کے بغیر علاج؟ ایک خطرناک غلطی!

📍 29 نومبر 2025 کی صبح ایک بزرگ ایمرجنسی میں آئے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں شوگر اور یرقان ہے۔ جب شوگر چیک کی گئی تو وہ 518 تھی۔

پوچھنے پر معلوم ہوا کہ وہ کبھی بھی ڈاکٹر کے پاس معائنہ کروانے نہیں گئے بلکہ ہر بار صرف میڈیکل اسٹور سے دوائی لے کر کھاتے رہے۔

میں نے انہیں سمجھایا کہ:

👉 دوائی لینا غلط نہیں
لیکن
👉 ڈاکٹر کے بغیر دوائی لینا غلط ہے۔

کیونکہ ڈاکٹر یہ فیصلہ کرتا ہے کہ:

✔️ کون سی دوائی مناسب ہے
✔️ کتنی مقدار میں دینی ہے
✔️ کتنے عرصے تک لینی ہے
✔️ کن مریضوں کے لیے یہ دوا نقصان دہ ہو سکتی ہے
✔️ اور کون سے ٹیسٹ ضروری ہیں

ہم نے بزرگ کا ٹوکن بنوایا، شوگر چیک کروائی اور متعلقہ ڈاکٹر کے پاس بھجوا دیا تاکہ بروقت علاج شروع ہو سکے۔

📍 آگاہی پیغام

🔴 Self Medication
خطرناک ہو سکتی ہے!

ہمارے معاشرے میں بہت سے لوگ بیماری کی صورت میں براہِ راست میڈیکل سٹور پر جاتے ہیں اور بغیر چیک اپ دوائی لے لیتے ہیں جو کہ صحت کے لیے بڑا رسک ہے۔

💊 دوائی تو میڈیکل سٹور سے ہی ملتی ہے
لیکن
📌 یہ فیصلہ صرف ڈاکٹر کرتا ہے کہ دوائی کس مریض کے لیے مناسب ہے۔

خاص طور پر:

🚫 شوگر
🚫 بلڈ پریشر
🚫 گردوں کے مریض
🚫 دل کے مریض
🚫 اور بزرگ افراد

کو ڈاکٹر کے بغیر دوائی نہیں لینی چاہیے۔

آپ کی صحت امانت ہے۔
براہِ مہربانی اپنے جسم پر تجربہ نہ کریں پہلے ڈاکٹر، پھر دوائی۔















Address

Vehari

Opening Hours

Monday 09:00 - 17:00

Website

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Health Info Desk posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Share