
21/07/2025
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی: وہاڑی کے نواحی گاؤں 111 ڈبلیو بی سے 110 کلو مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد، ایک ملزم گرفتار
وہاڑی [ Ali Shah سے ] پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وہاڑی کے نواحی گاؤں 111 ڈبلیو بی میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 110 کلو مردہ برائلر مرغیوں کا گوشت برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران موقع سے نواز نامی شخص کو گرفتار کیا گیا، گرفتار شخص نے بتایا کہ واحد منیر اور طاہر منیر، اس غیر قانونی کاروبار کے مالک ہیں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مردہ مرغیوں کا گوشت شہر کی مختلف پیزا اور شوارما شاپس کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے محکمہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم موقع پر پہنچی اور متعلقہ گوشت کو قبضے میں لے لیا اس کارروائی کے دوران محکمہ لائیو اسٹاک اور مقامی پولیس کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں محکمہ لائیو اسٹاک کے ڈاکٹر نے برآمد کیے گئے گوشت کا معائنہ کر کے تصدیق کی کہ یہ گوشت مردہ برائلر مرغیوں کا ہے، جو انسانی صحت کے لیے نہایت مضر ہے۔ گرفتار ہونے والے نواز نامی ملزم نے انکشاف کیا کہ واحد منیر اور طاہر منیر اس مکروہ کاروبار کو ایک عرصے سے چلا رہے ہیں اور شہر کی مختلف فوڈ آؤٹ لیٹس کو یہ غیر معیاری گوشت سپلائی کیا جا رہا تھا
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے فوری طور پر برآمد شدہ گوشت کو تلف کر دیا اور گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ مترو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی تیاری اور ترسیل میں ملوث افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں، اور اس گھناؤنے کاروبار کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔