20/10/2025
وڈھ: سول سوسائٹی وڈھ کی جانب سے لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کے خلاف وڈھ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی وڈھ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرے کی صورت اختیار کر گئی۔
احتجاجی مظاہرے سے شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وڈھ ایک قبائلی علاقہ ہے، جہاں لیویز فورس نے ہمیشہ مقامی روایات کے مطابق امن و امان قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیویز فورس علاقائی فورس ہے، جو علاقے کے ہر فرد اور ہر قبیلے سے بخوبی واقف ہے، اسی لیے عوام اس فورس پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ مقامی عوام کی مرضی کے خلاف ہے اور اس سے علاقے میں بے چینی پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر پانچ دن بعد کوئٹہ کراچی شاہراہ بند کرکے بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
احتجاجی مظاہرے میں محمد عارف مینگل، حاجی ظہور احمد، حاجی فاروق مینگل، ہدایت اللہ مینگل، حاجی حبیب اللہ، واحد بخش لہڑی، فیض محمد سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔