07/09/2025
لوئر وزیرستان شکئ، جو قدرتی خوبصورتی میں سوئٹزرلینڈ کا منظر پیش کرتی ہے، حال ہی میں ایک شاندار ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔ یہاں 32 آل پاکستان کرکٹ ٹورنامنٹ نہایت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
ٹورنامنٹ کے انعقاد میں رکن صوبائی اسمبلی عجب گل وزیر نے بھرپور تعاون کیا، جو کھلاڑیوں اور منتظمین کی جانب سے سراہا گیا۔
فائنل میچ بوم بوم آفریدی اور سپر سنی خیل کے درمیان کھیلا گیا۔ ٹاس بوم بوم آفریدی نے جیتا اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کے آغاز میں خورشید کو دوسری ہی گیند پر جیون دان ملا، مگر وہ اس موقع کا فائدہ نہ اٹھا سکا اور دو چھکے لگانے کے بعد آؤٹ ہو گیا۔
بوم بوم آفریدی کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور وہ صرف 8 اوورز میں 117 رنز کا ہدف دے سکے۔
اننگز کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے چیف گیسٹ، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شکئ کے کارکن سمیع اللہ وزیر میدان میں آئے۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، سیلفیاں لیں، اور رکن اسمبلی عجب گل کے تعاون سے ٹورنامنٹ کے لیے پچاس ہزار روپے نقد امداد فراہم کی۔
دوسری اننگز کے آغاز پر جیسے ہی عصر کی اذان کی آواز گونجی، تمام کھلاڑیوں نے میدان میں بیٹھ کر خاموشی اختیار کی، جو علاقے کی مذہبی و ثقافتی روایات کی خوبصورت مثال تھی۔
سپر سنی خیل کی جانب سے اوپننگ جوڑی میں "پہاڑوں کا بادشاہ" کمال وزیر اور شکئ کے اسٹار کھلاڑی محمد رسول (لفٹی) شامل تھے۔ دونوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھکوں اور چوکوں کی بارش کر دی۔
کمال وزیر 27 رنز پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد مشہور کھلاڑی رفیق وزیر کریز پر آئے۔ انہوں نے محمد رسول کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔ محمد رسول نے میچ میں فیفٹی پلس اسکور کیا اور شاندار کارکردگی دکھائی۔
سپر سنی خیل نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا اور فائنل اپنے نام کر کے بوم بوم آفریدی کلب کو ن9 وکٹوں سے شکست دی۔
میچ کے اختتام پر چیف گیسٹ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب کا ماحول خوشگوار اور جوش و خروش سے بھرپور تھا۔
رپورٹ: عامر وزیر — احساس نیوز، وانا
Ihsas News احساس نیوز