21/12/2025
ضلع کوٹلی میں بچوں کا صمد بونڈ کا نشہ کرنے کا انکشاف، صمد بونڈ کیا ہے اور اس کا انسانی صحت پر کیا اثر ہوتا ہے ؟
تحریر : ڈاکٹر سعید مصطفٰی چوہدری
پچھلے کچھ دنوں سے ہمارے ضلع کوٹلی میں چھوٹے بچوں کی وڈیوز سوشل میڈیا پر آئی ہیں جس میں ان کو صمد بونڈ کا نشہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے۔ دراصل صمد بونڈ ایک مضبوط چپکانے والا کیمیکل ہے جو عام طور پر قالین، جوتے، لکڑی، کاغذ اور مختلف گھریلو سامان جوڑنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، لیکن بدقسمتی سے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں اسے نشے کے طور پر بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ نشہ زیادہ تر غریب علاقوں، گلی محلوں اور سڑکوں پر رہنے والے بچوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے چونکہ صمد بونڈ سستا مل جاتا ہے اور اس کی فروخت پر بھی کوئی پابندی نہیں اور معاشرے میں اس کے نشے کی آگاہی کا فقدان بھی ہے۔اس لیے یہ ایک سنگین سماجی اور صحت کا مسئلہ بن چکا ہے۔
صمد بونڈ میں مختلف قسم کے کیمیکل ہوتے ہیں جب پلاسٹک کے تھیلے یا کپڑے پر لگا کر اس کے بھاپ جیسے بخارات کو سانس کے ذریعے اندر کھینچا جاتا ہے تو 8 سے 10 سیکنڈز میں نشہ کرنے والا وقتی طور پر خوشی محسوس کرتا ہے اور اپنے آپ کو خوف اور ذہنی تناؤ سے آزاد سمجھتا ہے۔اور یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب دماغ اس کو یاد رکھ لیتا ہے اور یہی سے اس گندی لت کی بنیاد پڑتی ہے۔اور بار بار اس کو استعمال کرنا شروع کر دیتا ہے۔
اور یہ نشہ کچھ عرصے بعد انسان کو آہستہ آہستہ موت کی وادی میں دھکیل دیتا ہے۔کیونکہ اس کا کوئی خاص antidote موجود نہیں اس کا علاج صرف rehabilitation centre یا psychiatric consultation میں ہی ہے۔
آئیے ہم سب مل کر سکولوں کالجز اور سوشل میڈیا پر اس کے خلاف آگاہی پروگرام اور کمپین شروع کریں تاکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے ہمارے نوجوان اور بچے اس سے بچ سکیں۔ حکومت اور ہمارے ادارے بھی اس کی فروخت کے طریقہ کار پر کوئی پالیسی بنائیں۔اسی میں ہماری بقا ہے۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔