29/07/2026
عمان اور پاکستان کی دوستی ایک نئے دور میں داخل، مسقط میں اعلیٰ سطحی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق.
مسقط: سلطنتِ عمان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، باہمی تعاون کو وسعت دینے اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے لیے مسقط میں ایک اہم اعلیٰ سطحی ملاقات منعقد ہوئی۔
ملاقات میں سلطنتِ عمان میں پاکستان کے سفیر نوید صفدر بخاری، کراچی میں سلطنتِ عمان کے قونصل جنرل انجینئر سمیع الخنجری، عمان پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن (OPFA) کے بانی و صدر شیخ سید فیاض علی شاہ، کمرشل قونصلر عشرت حسین بھٹی اور OPFA کے جنرل سیکریٹری و صدر کے معاونِ خصوصی جانب عمران صدیقی نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، عوامی روابط اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے سلطنتِ عمان اور پاکستان کے درمیان قائم مضبوط، تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی جہت دینے، اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں مستقبل میں بھی بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عمان اور پاکستان کے درمیان اعتماد، باہمی احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ دونوں اقوام کے لیے بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اور مستقبل میں یہ شراکت داری مزید مضبوط اور مؤثر انداز میں آگے بڑھے گی۔