15/12/2025
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید تقریباً 200 مسیحی قیدیوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے مؤدبانہ اپیل کی ہے کہ کرسمس کے موقع پر جیل کے اندر چرچ کھولا جائے اور انہیں اپنی مذہبی عبادات ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔
متعلقہ حکام کو درخواستیں دی جا چکی ہیں، تاہم تاحال اجازت نہیں دی گئی، جس سے قیدیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، کیونکہ مذہبی عبادت کا حق ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے۔
قیدیوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تاریخی خطاب کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے قیامِ پاکستان کے وقت فرمایا تھا کہ:
> آپ آزاد ہیں، آپ اپنے گرجا گھروں، مندروں یا مساجد میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا قوم سے ہو، اس کا ریاست کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔
ان اصولوں کی روشنی میں قیدیوں کا مطالبہ ہے کہ انہیں پرامن طور پر اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کا حق دیا جائے۔
اس سلسلے میں قیدیوں نے روزنامہ جہانِ سچ کے رپورٹر افتخار خٹک سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان کی آواز بنیں اور اس جائز مطالبے کو اجاگر کریں تاکہ متعلقہ حکام فوری اور انسانی بنیادوں پر فیصلہ کر سکیں۔