11/11/2023
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا اپنے اہلِ خانہ کے ذریعے 24 اکتوبر 2023 کو قوم کے نام بھجوایا گیا پیغام
میرے پاکستانیو!
گزشتہ چند روز کے دوران ہم نے اپنی آنکھوں سے قانون کو ایک مذاق بنتے دیکھا۔
جو کچھ ہماری نگاہوں کے سامنے ہورہا ہے وہ ایک لندن منصوبے کا ہی شاخسانہ نہیں بلکہ ایک ”لندن معاہدے“ کا نتیجہ ہے جو ایک بزدل بھگوڑے اور کرپٹ مجرم اور اس کے سہولت کاروں کے مابین طے پایا۔
معافی کا پروانہ ہاتھ میں تھما کر عدالتوں سے سزا یافتہ ایک مجرم کی پھر سے سیاست میں واپسی کا اس کے سوا کوئی راستہ نہیں کہ ریاستی اداروں کو تباہی کے گھاٹ اتارا جائے۔ چنانچہ جو کچھ ہم دیکھ رہے ہیں وہ ہمارے نظامِ انصاف کا مکمل انہدام اور تباہی ہے۔
میرے پاکستانیو!
ہمیشہ یاد رکھو کہ میرے خلاف جتنے بھی مقدمات ہیں وہ مکمل طور پر جعلی، من گھڑت اور سراسر سیاسی اہداف کے تحت قائم کئے گئے ہیں تاکہ مجھے انتخابات کے بعد تک جیل میں رکھ سکیں یا اگر اس سے بھی ان کا جی نہ بھرے تو انتخابات بھی لمبے عرصے تک مجھے قیدی بنائے رکھیں۔
تاہم میری قوم میں بڑھتا ہوا شعور اور بند کمروں میں تیار کی جانے والی سازشوں کیخلاف زور پکڑتی مزاحمت انہیں خوفزدہ کرتی ہے۔
فی الوقت جسمانی لحاظ سے میں ٹھیک ٹھاک (فِٹ) ہوں۔ اگر میرے جسم پر کسی قسم کا ضُعف یا کمزوری طاری ہوتی تو مجھے اس کا احساس ہوجاتا۔ مگر یہ پہلے ہی دو مرتبہ دن دیہاڑے میری جان لینے کی کوشش کرچکے ہیں۔
چونکہ میں اپنا ملک چھوڑ کر جانے پر کبھی آمادہ نہیں ہوں گا چنانچہ اس بات کا قوّی امکان ہے کہ یہ جیل میں میری جان لینے کی ایک اور کوشش کریں۔ یہ کوشش مجھے آہستہ آہستہ زہر دینے (سلو پوائزننگ) کی صورت میں بھی ہوسکتی ہے۔
ہماری جدّوجہد اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہورہی ہے۔ آپ کو اپنے حقوق اور اپنے ملک کی آزادی کی لڑائی خود سے لڑنی پڑے گی۔ میں نے اپنے وکلاء اور تنظیمی ذمہ داران کو ہدایات بھجوا دی ہیں کہ ملک بھر میں کنونشنز منعقد کئے جائیں اور جب بھی انتخابات کا موقع آئے اس کے لئے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے۔