10/10/2025
ماضی قریب کی بات ہے۔ ضلع منڈی بہاؤالدین قتل و غارت کا شکار تھا۔ امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش تھی اور ڈکیتی و راہزنی عام تھی۔ اس ضلع کو لیاری سے تشبیہہ دی جانے لگی جس میں کوئی ایسا دن نہ گزرتا تھا جس دن قتل و اقدام قتل کا کوئی وقوعہ نہ ہوا ہو۔ روزانہ کی بنیاد پر بیس سے تیس تک ڈکیتی و راہزنی کی وارداتیں معمول کا کام تھا۔
ایسے میں پنجاب حکومت نے میرٹ پر ٹرانسفر پوسٹنگ کا بیڑا اٹھایا اور منڈی بہاؤالدین میں ایک ایسے افسر کو تعینات کیا گیا جسکی صلاحیتوں سے پولیس ڈیپارٹمنٹ بخوبی واقف تھا۔
یہ پوسٹنگ اس ضلع کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی۔ ڈی پی او منڈی بہاؤالدین نے یہاں تعینات ہونے کے کچھ دن بعد ایس ایچ اوز کی نئی پوسٹنگ کے انٹرویوز کے لئے پچاس سے زائد سب انسپکٹرز کو بلایا ۔ سفارش کلچر کا خاتمہ کر کے میرٹ پر ایس ایچ اوز کی پوسٹنگ ہوئی اور اگلے ہی دن کرائم میٹنگ کی گئی۔ کمانڈر نے کہا کہ انکی ایک ہی ڈیمانڈ ہے اور وہ ہے لا اینڈ آرڈر بہتر کرنا اور میرٹ پر تفتیش۔
انکے الفاظ مجھے آج بھی یاد ہیں کہ " ڈکیتی و راہزنی نہیں ہوگی، تفتیشیں میرٹ پر ہوں گی اور یہ کام اسکاٹ لینڈ یارڈ یا NYPD نے آ کے نہیں کرنا ، یہ میں آپ لوگوں سے ہی کرواؤں گا۔ آپکو کسی قسم کا کوئی پریشر نہیں ہوگا میں آپکے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ "
مختصر یہ کہ ایک ماہ میں ہی ضلع کے اندر انقلاب برپا ہو گیا۔ کچھ باتیں کانفیڈینشل ہیں جو یہاں بیان نہیں کی جا سکتیں کہ قتل و غارت کیسے رکی اور ڈکیتی و راہزنی کا کیسے خاتمہ ہوا۔ مگر منڈی بہاؤالدین پولیس نے ڈی پی او وسیم ریاض خان کی قیادت میں یہ کر دکھایا۔ وہی پولیس، وہی نفری مگر ایک دلیر اور جرات مند کمانڈر کی قیادت کی بدولت امن و امان کی فضا بھی قائم ہوئی اور میرٹ بھی ممکن ہوا۔
یہی نہیں بلکہ اور بھی ایسے کام جو پہلے کبھی نہ ہوئے۔ تھانے جو کوڑے کرکٹ کی آماجگاہ تھے انکی بہتری اور تزئین و آرائش کے لئے تمام تھانوں کو فنڈز دیے گئے اور ایک مقابلے کا انعقاد کیا گیا کہ جو تھانہ سب سے بہتر پرفارم کرے گا اسکو انعام ملے گا۔ اس کمپیٹیشن کی فضا کی بدولت تمام تھانہ جات کی حالت ہی بدل گئی۔
گو کہ پنجاب حکومت نے لا اینڈ آرڈر کو بہتر کرنے کے لئے بہت بہترین اقدامات اٹھائے، مگر منڈی بہاؤالدین جیسے ضلع میں بہتری کا کریڈٹ وسیم ریاض خان کو ہی جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کورس میں نام آنے کے باوجود پنجاب حکومت نے انکو یہاں سے جانے نہیں دیا اور کام جاری رکھنے کا کہا۔
آپ لوگوں کو ماضی قریب اور وقتِ حاضر میں اگر خاطر خواہ فرق نظر آتا ہے تو اسکی وجہ یہی شیر دل ڈی پی او ہے جنکی قیادت کی بدولت منڈی بہاؤالدین پولیس نے یہ کارہائے نمایاں سرانجام دیا۔
دعا ہے کہ یہ تسلسل قائم رہے تاکہ منڈی بہاؤالدین کے باسی چین سے زندگی بسر کر سکیں۔
اللہ کریم آپکو آسانیاں عطا کرے اور آسانیاں تقسیم کرنے کا شرف نصیب فرمائے۔ آمین