07/07/2026
کراچی سے 300 ناٹیکل میل دور کارگو طیارہ لاپتا ہوگیا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی نے نجی کمپنی کا طیارہ لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہوا۔ پی اے اے کے مطابق رات 9 بج کر 18 منٹ پر، کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی، اسی دوران طیارہ دائیں جانب مڑتا اور تیزی سے بلندی کھوتا دیکھا گیا۔ طیارے کی گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ تھی۔ طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ رات 9 بج کر 21 منٹ پر، کراچی سے 155 میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا، طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوا۔ نجی کارگو طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے۔ ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فوری طور پر فعال کردیا گیا، لاپتا کارگو طیارے کی تلاش کے لیے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مختلف ادارے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔