23/10/2025
اسلام آباد: فون سننے کے بعد ایس پی نے اہلکار سے گن چھین کر خود کو گولی مارلی
اسلام آباد: فون سننے کے بعد ایس پی نے اہلکار سے گن چھین کر خود کو گولی مارلی
ایس پی آئی نائن عدیل اکبر نے اپنے سینے پر گولی ماری، اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے، اسپتال ذرائع
اسلام آباد میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر دوران علاج دم توڑ گئے۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ ایس پی انڈسٹریل ایریا گولی لگنے سے زخمی ہوگئے، ایس پی عدیل اکبر کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایس پی انڈسٹریل ایریا نے خود کو گولی مارلی، زخمی ایس پی کی اسپتال میں حالت نازک بتائی جا رہی ہے جب کہ پولیس کی بھاری نفری اسپتال کے باہر موجود ہے۔
ذرائع نے کہا کہ ایس پی عدیل اکبر کی جانب سے گن مین سے اسلحہ چھین کر خود کو گولی ماری، ایس پی عدیل اکبر کے گن مین اور موقع پر موجود دیگر اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایک فون سننے کے بعد ایس پی آئی نائن عدیل اکبر نے خود کو سینے پر پستول سے گولی ماری۔
ایس پی آئی نائن عدیل اکبرکو آخری کال کس کی آئی؟ اس حوالے سے اعلی سطح پر تحقیقات جاری ہیں جب کہ ایس پی کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ ایس پی کے آپریٹر کو حراست میں لے لیا گیا، اسپتال ذرائع نے کہا کہ ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
ایس پی آئی نائن عدیل اکبر کا پوسٹمارٹم کرانے کے حوالے سے آئی جی علی ناصر رضوی خود پمز اسپتال میں موجود رہے، آئی جی اسلام آباد پولیس نے متوفی ایس پی عدیل اکبر کے ڈاکٹروں سے خود تمام تفصیلات نوٹ کیں۔
ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر اس سے قبل بلوچستان میں تعینات تھے، ایس پی عدیل اکبر 46 کامن کے افسر تھے، مرحوم کا تعلق کامونکی سے ہے۔
ایس پی عدیل اکبر کو آخری کال کس نے کی اور کیا بات کی؟ ذرائع نے کہا کہ اعلی سطح کے تحقیقات کاروں کی تحقیقات آخری کال وائس ریکارڈنگ پر رک گئی۔
ٹھیک ٹھاک ڈیوٹی کرتے اچانک فوری وجہ کیا بنی؟ ذرائع نے کہا کہ آخری کال وائس ریکارڈنگ یا وقوعہ کے روز کی تمام کالز سے واضح ہوگا۔