07/07/2025
پاک-ایران سرحد پر واقع چیدگی میں پنجگور رائفلز گرلز پرائمری اسکول کا افتتاح
پاک-ایران سرحد سے متصل ضلع پنجگور کا علاقہ چیدگی ایک دور افتادہ اور پسماندہ علاقہ ہےجو بنیادی سہولیات خصوصاً تعلیم جیسی اہم ضرورت سے محروم رہا ہے۔ مقامی آبادی نے تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) سے معیاری تعلیمی ادارے کے قیام کی درخواست کی۔
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے عوامی مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئےعلاقے میں تعلیم کے فروغ اور بالخصوص بچیوں کے روشن مستقبل کے لیے چیدگی میں 25 لاکھ روپے کی لاگت سے پنجگور رائفلز گرلز پرائمری اسکول تعمیر کیا، جس کا مقصد چیدگی کی بچیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔
اسکول کی افتتاحی تقریب میں آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، اسکول کا افتتاح کیا اور طالبات میں تحائف بھی تقسیم کیے ۔ اس موقع پر سول انتظامیہ،چیدگی کے معززین اور مقامی افراد نے شرکت کی۔
پنجگور رائفلز گرلز پرائمری اسکول کی تعمیر سے چیدگی جیسے دور دراز اور محروم علاقے کی بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کا نیا اور روشن موقع ملا ہے۔ مقامی آبادی نے اس اقدام کو تعلیم کے فروغ، خواتین کی بااختیاری اور علاقے کی مجموعی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے بعد آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے مقامی عمائدین سے ملاقات کی، جنہوں نے علاقے کو درپیش مسائل، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی کی نشاندہی کی۔ آئی جی ایف سی نے یقین دہانی کروائی کہ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔