EW Urdu

EW Urdu Bridging East & West

چین کی عظیم دیوار، جو دنیا کی طویل ترین انسانی تعمیر مانی جاتی ہے، قدیم دور کی بے مثال دفاعی بصیرت کی عکاس ہے۔ اس دیوار ...
02/08/2025

چین کی عظیم دیوار، جو دنیا کی طویل ترین انسانی تعمیر مانی جاتی ہے، قدیم دور کی بے مثال دفاعی بصیرت کی عکاس ہے۔ اس دیوار کی ابتدا ساتویں صدی قبل مسیح میں ہوئی، جبکہ اس کا بڑا حصہ منگ خاندان کے دور میں مکمل کیا گیا، جس نے چین کو شمالی حملہ آوروں کے خلاف ایک مضبوط حفاظتی حصار فراہم کیا۔ تقریباً 21,000 کلومیٹر طویل یہ دیوار سنگلاخ پہاڑوں، ریتیلے صحراؤں اور گہری وادیوں سے گزرتی ہے، جس نے اس کی تعمیر کو ایک عظیم الشان کارنامہ بنا دیا۔ لاکھوں محنت کش، کسان اور قیدیوں نے اس عظیم منصوبے میں حصہ لیا، جن میں بے شمار لوگ اپنی جانیں گنوا بیٹھے، اسی وجہ سے اسے دنیا کا سب سے طویل قبرستان بھی کہا جاتا ہے۔ دیوار میں بنے قلعے، برج اور چوکیوں نے چینی فوج کو دشمن کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھنے کا موقع فراہم کیا۔ آج یہ دیوار نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کے سیاحوں کے لیے ایک عظیم پرکشش مقام ہے، جو انسانی عزم، قربانی اور فنِ تعمیر کی بے مثال علامت بن چکی ہے۔ یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل یہ دیوار آج بھی تاریخ کے شوقین افراد کے لیے حیرت اور فخر کا باعث ہے، جو ہزاروں سال کے بعد بھی اپنی عظمت سے متاثر کرتی ہے۔

لندن کا گلوب تھیٹر، جسے شیکسپیئر کے شاہکاروں کا گھر کہا جاتا ہے، 1599ء میں وجود میں آیا اور اس نے ڈرامے کی دنیا میں ایک ...
01/08/2025

لندن کا گلوب تھیٹر، جسے شیکسپیئر کے شاہکاروں کا گھر کہا جاتا ہے، 1599ء میں وجود میں آیا اور اس نے ڈرامے کی دنیا میں ایک نیا عہد متعارف کرایا۔ منفرد دائرہ نما اسٹیج، کھلی چھت اور کھڑے تماشائیوں کی گنجائش نے اس تھیٹر کو اس زمانے کے دیگر تھیٹروں سے ممتاز کر دیا، جہاں ہر طبقے کے لوگ ایک ساتھ فن سے لطف اندوز ہوتے۔ شیکسپیئر کے شہرۂ آفاق ڈرامے جیسے "ہیم لیٹ"، "میکبتھ" اور "کنگ لیئر" پہلی بار اسی اسٹیج پر پیش ہوئے، جنہوں نے نہ صرف انگلینڈ بلکہ دنیا بھر کے ناظرین کو مسحور کر دیا۔ 1613ء میں پیش آنے والی آگ نے اس عظیم عمارت کو ملبے میں بدل دیا، تاہم جلد ہی اسے دوبارہ تعمیر کر کے دوبارہ شائقین کے لیے کھولا گیا۔ گلوب تھیٹر نے تھیٹر آرٹ کو نئی جہت بخشی اور شیکسپیئر کے لازوال فن کو زندہ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آج اس کا دوبارہ بنایا گیا ورژن لندن میں موجود ہے، جو فنونِ لطیفہ کے شیدائیوں کے لیے ایک روحانی تجربے کی حیثیت رکھتا ہے۔ دنیا بھر سے لوگ یہاں آ کر اسٹیج کی اس تاریخ کو محسوس کرتے ہیں، جو آج بھی تخلیق اور فن کی آزادی کی علامت ہے۔ شیکسپیئر کا گلوب تھیٹر ہر دور کے فنکاروں اور لکھنے والوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔

29/07/2025

دنیا بھر میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بھوک کو جنگی ہتھیار بنانے پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، حتیٰ کہ خود اسرائیل میں بھی عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ تل ابیب میں سینکڑوں افراد نے امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے غزہ کی حمایت میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ’بھوک کو ہتھیار بنانا جنگی جرم ہے‘، ’غزہ اکیلا نہیں‘ جیسے نعرے لگائے۔

اسرائیل کے دیگر شہروں میں بھی غزہ کی صورتحال کے خلاف مظاہرے ہوئے جن میں حکومت سے رفح کراسنگ کھولنے اور غذائی امداد کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔

ادھر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے سامنے سیکڑوں افراد نے غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف پرزور احتجاج کیا، جبکہ لندن میں برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر ہزاروں مظاہرین نے خالی برتن بجا کر غزہ میں خوراک کی قلت کے خلاف آواز بلند کی۔

اسی طرح نیدرلینڈز، جرمنی، ڈنمارک، لبنان، چلی، صومالیہ، ایران اور یمن سمیت متعدد ممالک میں غزہ کے مظلوم عوام سے یکجہتی کے اظہار میں مظاہرے منعقد کیے گئے جن میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف فوری اور مؤثر اقدام کیا جائے۔

29/07/2025

بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں (فیک انکاؤنٹرز) کی ایک نئی لہر کا آغاز ’آپریشن مہادیو‘ کے نام سے کیا گیا ہے، جس کا مقصد ’آپریشن سندور‘ کی خفت مٹانا اور اندرونِ ملک سیاسی دباؤ کو کم کرنا بتایا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے ’آپریشن مہادیو‘ کے تحت غیر قانونی طور پر قید پاکستانی شہریوں کو جبری طور پر فیک انکاؤنٹرز میں قتل کرکے انہیں سرحد پار سے آئے دہشتگرد ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ان واقعات کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک کو بدنام کرنا اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے پہلے سے قید پاکستانیوں کی لاشوں کے ساتھ جعلی ویڈیوز، اسلحہ اور دیگر شواہد تیار کیے جا رہے ہیں، جو بھارتی میڈیا کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ان قیدیوں کو نہ صرف دہشتگرد ظاہر کیا جا رہا ہے بلکہ ان سے میڈیا کے سامنے جعلی اعترافی بیانات بھی دلوائے جا سکتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر 29 اور 30 اپریل کو اپنی پریس کانفرنسز میں ایسے 723 پاکستانی شہریوں کی تفصیلات پیش کر چکے ہیں جو بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید ہیں، جب کہ 56 دیگر افراد کو بھارتی ایجنسیاں جبراً لاپتہ کیے ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے اندر سے بھی پہلگام فالس فلیگ آپریشن اور ’آپریشن سندور‘ کی ناکامی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ حال ہی میں بھارتی پارلیمنٹ میں اس پر اپوزیشن کی شدید ہنگامہ آرائی ہوئی، جبکہ ایک سابق بھارتی وزیر داخلہ نے پہلگام واقعے پر پاکستان کو کلین چٹ بھی دی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی فوج فیک انکاؤنٹرز کے حوالے سے عالمی سطح پر پہلے ہی بدنام ہے اور ’آپریشن مہادیو‘ اسی تسلسل کی ایک اور کڑی ہے، جس سے نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے بلکہ علاقائی امن کے لیے بھی خطرات بڑھ رہے ہیں۔

29/07/2025

پاکستان اور بنگلہ دیش نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت اور غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فلسطین کے دو ریاستی حل پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ توحید حسین سے ملاقات کی، جو کہ اکتوبر 2024 کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان چوتھی ملاقات تھی۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ مستقبل میں اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے اور دوروں پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ فلسطینی مسئلے پر ہونے والی عالمی کانفرنس بامعنی نتائج دے گی اور مظلوم فلسطینی عوام کے جائز مؤقف کو عالمی سطح پر تقویت ملے گی۔

29/07/2025

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیرصدارت شوگر سیکٹر سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے ملز مالکان کے تحفظات پیش کیے۔ وفاقی وزیر نے شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک شکایتی کمیٹی اور واٹس ایپ گروپ کے قیام کا اعلان کیا۔ رانا تنویر نے واضح کیا کہ چینی کی قیمت اور فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر چینی سیکٹر کے مسائل کی نگرانی کرے گی اور اسٹاکس پر مکمل نظر رکھی جائے گی تاکہ صارفین اور صنعت دونوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

تاہم حکومتی دعوؤں کے برعکس عوام کو سستی چینی دستیاب نہیں ہو رہی۔ لاہور اور اسلام آباد کے بازاروں میں چینی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ ڈیلرز نے ملز سے چینی نہ ملنے پر کاروبار بند کر دیا ہے۔ ہول سیلرز کا مؤقف ہے کہ ملز سرکاری ریٹ پر چینی فراہم نہیں کر رہیں، جس کے باعث دکاندار اور گھریلو صارفین بھی سرکاری نرخ پر چینی حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ کراچی میں چینی فی کلو 190 روپے، پشاور میں 180 روپے اور کوئٹہ میں 185 سے 190 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ سرکاری ایکس مل قیمت 165 اور ریٹیل قیمت 173 روپے مقرر کی گئی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر عوامی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے کہ آخر حکومتی اقدامات کا ثمر کب ملے گا؟

Address


Alerts

Be the first to know and let us send you an email when EW Urdu posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Contact The Business

Send a message to EW Urdu:

Shortcuts

  • Address
  • Alerts
  • Contact The Business
  • Claim ownership or report listing
  • Want your business to be the top-listed Media Company?

Share