
23/07/2025
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسکیم 33 کی چار یونین کونسلز میں سیوریج نظام کی خرابی اور سندھ اسمبلی کے حلقہ 98 میں بڑھتے عوامی مسائل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہری علاقوں میں ناقص سیوریج اور بنیادی سہولیات کی کمی ناقابل برداشت ہے، اور اسکیم 33 و حلقہ 98 میں غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو مسائل کی دلدل میں چھوڑ دینا کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
سید مراد علی شاہ نے وزیر بلدیات، کمشنر کراچی اور ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت دی کہ فوری طور پر اسکیم 33 کی متاثرہ یوسیز میں سروے مکمل کر کے ہنگامی بنیادوں پر مرمت و بحالی کا کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی سطح پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حلقہ 98 سمیت تمام متاثرہ شہری علاقوں میں حکومتی رٹ بحال کی جائے گی اور جوابدہی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو تین دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔