
30/09/2025
پولیس افسر بیڈفورڈ کا نوجوان فیضان نجیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا
نارتھمپٹن شائر میں ڈیوٹی کے دوران حادثہ: بیڈفورڈ کا نوجوان پولیس افسر فیضان نجیب شہید
نارتھمپٹن شائر پولیس کے نوجوان افسر پی سی فیضان نجیب ایک ہفتے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ جمعہ 19 ستمبر کی رات ڈیوٹی کے دوران ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق پی سی فیضان نجیب رات تقریباً 12 بج کر 35 منٹ پر اسٹیشن روڈ، رانڈز میں ایک سنگل وہیکل ٹریفک حادثے پر رسپانس دے رہے تھے کہ اچانک ایک نیلی وی ڈبلیو پولو کار نے انہیں ٹکر مار دی۔ شدید زخمی حالت میں انہیں کیمبرج کے ایڈن بروکس ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جمعہ 26 ستمبر کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اُن کی عمر صرف 24 برس تھی۔
پی سی فیضان نجیب مئی 2022 میں نارتھمپٹن شائر پولیس میں شامل ہوئے تھے اور ویلن برگ کی ریسپانس ٹیم میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے افسر کی یاد میں پولیس نے اُن کا کالر نمبر P1967 ہمیشہ کے لیے ریٹائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چیف کانسٹیبل ایوان بَل ہیچٹ نے اپنے بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
> “جب کوئی افسر اپنی ڈیوٹی کے دوران جان دیتا ہے تو اس غم کو الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہوتا ہے۔ نارتھمپٹن شائر پولیس فیضان کے اہلِ خانہ اور دوستوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔”
حادثے کی تفتیش پولیس کی سنگین حادثات کی خصوصی ٹیم کر رہی ہے جبکہ فیضان کے اہلِ خانہ کی معاونت کے لیے فیملی لائژن افسر تعینات کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے مقام سے ایک 20 سالہ شخص کو حراست میں لینے کے بعد مزید تحقیقات تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
پولیس ہیڈکوارٹر ووٹن ہال میں اس ہفتے مرحوم افسر کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور آج ہیڈکوارٹر کی عمارت پر جھنڈا سرنگوں کیا گیا ہے۔