27/08/2026
سپورٹس گرلز اکیڈمی کے وفد کی سیدہ نازیہ شاہ سے ملاقات
مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صوبائی وائس پریزیڈنٹ سیدہ نازیہ شاہ نے سپورٹس گرلز اکیڈمی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کرنے والی خواتین کھلاڑی خراجِ تحسین کی مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر سپورٹس گرلز اکیڈمی کی چیف ایگزیکٹو ڈائریکٹر گل پری اور دیگر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے سپورٹس سے وابستہ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سیدہ نازیہ شاہ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور بالخصوص مردان سے تعلق رکھنے والی خواتین کھیلوں کے میدان میں آگے آئیں اور کھیلوں کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب مواقع، سہولیات اور حوصلہ افزائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں خواتین کی شرکت نہ صرف ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے بلکہ اس سے نوجوان نسل میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی مدد ملتی ہے۔
گل پری اور وفد کے دیگر ارکان نے سیدہ نازیہ شاہ کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی سرپرستی سے مردان سمیت خیبر پختونخوا کی خواتین کھلاڑیوں کو مزید بہتر مواقع میسر آئیں گے۔