20/07/2026
اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، 4 مسافر آف لوڈ
والدہ کو عمرہ کروانے کے بہانے یورپ فرار ہونے کی غیر قانونی کوشش ناکام بنادی گئی، مسافر باکو اور سربیا کے خطرناک روٹ کے ذریعے ہر صورت یورپ پہنچنا چاہتے تھے
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کارروائی کرتے ہوئے یورپ جانے کے لیے انسانی اسمگلنگ کے غیر قانونی نیٹ ورک کا سہارا لینے والے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا، ایف آئی اے نے مسافروں کو سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران پکڑ کر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کی روانگی کے وقت دستاویزات اور ویزوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کا عمل جاری تھا، سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران معلوم ہوا کہ ان میں سے ایک مسافر ماضی میں بھی ترکیہ سے ڈیپورٹ ہو چکا ہے، شک مضبوط ہونے پر جب مسافروں کی تفصیلی تلاشی لی گئی تو 2 مسافروں کے قبضے سے آذربائیجان کے وزٹ ویزے برآمد ہوئے، جس سے انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک سے ان کے رابطوں کی تصدیق ہوئی۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ جب مشکوک مسافروں کے موبائل فونز کا ہنگامی بنیادوں پر فرانزک کیا گیا تو سنسنی خیز حقائق سامنے آئے کہ دو مسافروں نے اپنی والدہ کو ساتھ لے جا کر عمرے کی ادائیگی کا ڈرامہ رچایا ہوا تھا، ملزمان کا اصل منصوبہ یہ تھا کہ وہ اپنی والدہ کو سعودی عرب میں عمرہ کروانے کے بعد محفوظ طریقے سے واپس پاکستان بھیج دیں گے اور خود وہاں سے اگلا غیر قانونی سفر جاری رکھیں گے، موبائل چیٹ کی جانچ سے یہ بات سامنے آئی کہ مسافر باکو اور سربیا کے خطرناک روٹ کے ذریعے ہر صورت یورپ پہنچنا چاہتے تھے اور اس گھناؤنے مقصد کے لیے انسانی اسمگلنگ کے عالمی ایجنٹوں سے مسلسل رابطے میں تھے۔
ایف آئی اے حکام کا کہن اہے کہ آذربائیجان کے وزٹ ویزوں کی برآمدگی اور موبائل ڈیٹا کے واضح ثبوتوں کی روشنی میں ملزمان کا جرم مکمل طور پر ثابت ہو گیا، جس کے بعد چاروں مسافروں کو فوری طور پر پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا اور انہیں مزید تفتیش و قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے سپرد کر دیا گیا۔