24/09/2025
سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر کتنی رقم ملے گی؟ بناولنٹ فنڈ پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ
سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر کتنی رقم ملے گی؟ بناولنٹ فنڈ پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ
پاکستان, تازہ ترین / Leave a Comment / September 24, 2025
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد بناؤلنٹ فنڈ کے تحت دی جانے والی رقوم کی پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ملازمین کو ان کے گریڈ کے مطابق 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک دیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز )کے مطابق یہ فیصلہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت ملک ابرار احمد نے کی۔
اجلاس کے دوران بناؤلنٹ فنڈ حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئی پالیسی کے مطابق گریڈ 1 سے 10 تک کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کو 10 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر 15 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
بناؤلنٹ فنڈ حکام کے مطابق نئی پالیسی کے مالی اثرات جانچنے کے لیے ایک ماہر فرم کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، جو اس عمل کی ٹائم لائن بھی فراہم کرے گی۔
اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن آغا رفیع اللہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’وفاقی حکومت افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے مرنے کا انتظار کرتی ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ بناؤلنٹ فنڈ سے بروقت ادائیگیاں ہونی چاہییں تاکہ ملازمین کو ان کی زندگی میں فائدہ حاصل ہو۔
قائمہ کمیٹی نے بناؤلنٹ فنڈ کو ہدایت کی کہ وہ نئی پالیسی کے مالی اثرات کا تفصیلی جائزہ 90 دن کے اندر پیش کرے۔