27/12/2025
(((دی ایجوکیٹرزصوابی کےزیرِاہتمام ونٹرگالا کا انعقاد)))
صوابی:دی ایجوکیٹرز صوابی کیمپس کے زیرِ اہتمام رنگا رنگ ونٹر گالا کا شاندار انعقاد کیا گیا.جس میں اسکول کے طلبہ،اساتذہ کرام اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ونٹر گالا میں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور غیر نصابی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف دلچسپ اور دیدہ زیب اسٹالز لگائے گئے، جنہوں نے شرکاء کی توجہ حاصل کی۔ونٹر گالا میں لگائے گئے اسٹالز میں مالٹوں کا اسٹال، فروٹ چاٹ، کاسمیٹکس، ہوزری، آئس کریم، فاسٹ فوڈز، روایتی سادہ کھانوں، لیمن سوڈا واٹر، املی چاٹ اور امرود چاٹ، جیولری، سوپ، بریانی، کپڑوں، چکن سینڈوچ اینڈ پیزا جبکہ تفریحی سرگرمیوں میں نشانہ بازی سمیت دیگر کھیل شامل تھے۔ بچوں نے خود بھی اسٹالز لگانے میں بھرپور دلچسپی لی، جس سے ان میں خود اعتمادی اور عملی مہارتوں کو فروغ ملا۔
تقریب میں شریک بچوں اور والدین نے ونٹر گالا سے بھرپور لطف اٹھایا۔ اس موقع پر صوابی میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے والدین نے کہا کہ دی ایجوکیٹرز صوابی کیمپس کی جانب سے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دینا نہایت قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے ونٹر گالا کو بچوں کی ذہنی، جسمانی اور سماجی نشوونما کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔دی ایجوکیٹرز صوابی کیمپس کے پرنسپل کرنل ریٹائرڈ ہدایت خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے لیے اس طرح کے تفریحی اور تعلیمی پروگرامز وقت کی اہم ضرورت ہیں، کیونکہ ان سرگرمیوں سے بچے ذہنی طور پر تازہ دم ہوتے ہیں اور تعلیم میں مزید دلچسپی لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ مستقبل میں بھی طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کے لیے ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھے گا۔(صوابی میڈیا).