21/11/2025
پولیس لائن کے قریب ایگلو گیٹ پر سکیورٹی اہلکاروں کا صحافیوں سے نازیبا رویّہ ناقابل برداشت ہے
وانا(نامہ نگار) ذرائع کے مطابق گیٹ پر تعینات اہلکار روزانہ کی بنیاد پر غیر اخلاقی الفاظ کا استعمال کرتے ہیں جبکہ بدنامِ زمانہ عناصر، ڈاکو اور مختلف ’’سورس‘‘ گاڑیوں سمیت بغیر کسی روک ٹوک کے گزر جاتے ہیں۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے صحافیوں کو نہ صرف بلاجواز روکا جاتا ہے بلکہ انہیں سرِ عام تذلیل کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔ صحافیوں کے مطابق کئی بار شناخت اور کارڈ دکھانے کے باوجود انہیں گاڑی لے جانے کی اجازت نہیں دی جاتی٬ جبکہ دوسری جانب کئی اہلکاروں پر الزام ہے کہ مخصوص لوگوں کی گاڑیاں چھوڑنے کے عوض ’’بھتہ‘‘ بھی وصول کیا جاتا ہے۔
عوامی حلقوں نے اس صورتحال کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے دوہرے معیار نے سکیورٹی فورسز اور عوام کے درمیان خلیج مزید بڑھا دی ہے۔
صحافتی تنظیموں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، تو پھر صحافیوں کے ساتھ یہ امتیازی اور توہین آمیز سلوک کیوں؟
اگر سکیورٹی اہلکار باقی دفاتر اور محکموں کے ملازمین کو گزرتے دیکھ کر کوئی اعتراض نہیں کرتے تو پھر صرف صحافیوں کو نشانہ بنانے کی پالیسی کب تک جاری رہے گی؟
عوام اور صحافتی برادری نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، گیٹ پر تعینات اہلکاروں کے کردار کی شفاف انکوائری اور صحافیوں کی عزتِ نفس کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔