
15/09/2025
پاکستان کی ایشیا کپ کے مزید میچ نہ کھیلنے کی دھمکی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فی الفور ہٹائے۔ ایسا نہ ہونے پر پاکستان کا ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے میچ ریفری کے خلاف آئی سی سی کے ہاں باضابطہ شکایت جمع کرا دی ہے اور ریفری کو فی الفور ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
محسن نقوی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کرادی ہے۔
شکایت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ اور ایم سی سی قوانین، خصوصاً ’اسپرٹ آف کرکٹ‘ کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔
پی سی بی نے اپنے مؤقف میں مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ میچ ریفری کو فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹا دیا جائے تاکہ کھیل کی شفافیت اور غیر جانبداری پر کوئی سوالیہ نشان نہ اٹھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دھمکی دی ہے کہ اگر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میچ ریفری کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے، اس لیے انہیں فوری طور پر ہٹانا ضروری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایشیا کپ 2025ء کے چھٹے میچ کے دوران پیش آنے والے واقعات پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو ایک تفصیلی خط بھی لکھا ہے۔
خط میں مؤقف اپنایا گیا کہ بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے اور قواعد و ضوابط کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے باوجود میچ ریفری نے جانبدارانہ کردار ادا کیا۔ خط کے مطابق پاک بھارت میچ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے کپتان سلمان آغا کو ہدایت دی کہ ٹاس کے موقع پر روایتی مصافحہ نہیں ہوگا۔
مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے اس واقعے کی ریکارڈنگ سے روکنے کے لیے پاکستان کے میڈیا منیجر سے بھی کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہ کیا جائے۔
پی سی بی نے اس مؤقف کے ساتھ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے کہ موجودہ حالات میں اینڈی پائی کرافٹ کا ایشیا کپ میں مزید کام کرنا ناقابل قبول ہے۔