
23/09/2025
ضلع مہمند میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے زیر اہتمام یکہ غنڈ ڈگری کالج کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں کالج کے طلباء، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عام شہریوں نے بھرپور حصہ لیا۔ مظاہرین نے پشاور باجوڑ شاہراہ کو کئی گھنٹوں کے لیے بلاک کر دیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ضلع مہمند سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف کالجز میں ختم کیے گئے بی ایس پروگرام کو فوری بحال کیا جائے اور سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کا عمل بند کیا جائے کیونکہ یہ ناقابل قبول ہے۔
اے این پی کے رہنما نثار مہمند نے کہا کہ جب حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ خیبر پختونخوا کا بجٹ سرپلس ہے تو تعلیمی اداروں کو فنڈ کیوں نہیں دیے جا رہے اگر بی ایس پروگرام بحال نہ کیا گیا تو ضلع بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔
سابقہ امیدوار برائے قومی اسمبلی نور اسلام صافی، اے این پی کے صدر سیف اللہ خان ،جماعت اسلامی کے رہنما اسداللہ اور دیگر نے پی ٹی آئی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ حکومت پختون دشمن ہے جو بچوں سے ان کا تعلیمی اور روزگار کا حق چھین رہی ہے۔