
05/10/2025
موسم کے میدان میں ایک دلچسپ اور پرجوش مقابلہ جاری ہے۔ گرمی اور سردی کے درمیان کشمکش اپنے عروج پر ہے۔ اکتوبر کا مہینہ گویا ایک بڑی تبدیلی کا اشارہ دے رہا ہے۔ سردی اپنی انٹری دینے کے لیے تیار بیٹھی ہے جبکہ گرمی اب تک اپنی سیٹ چھوڑنے کے لیے راضی نہیں۔ صورتحال بالکل ویسی ہے جیسے کوئی حکومت کی تبدیلی کے وقت اقتدار کی جنگ ہوتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ ہو چکا ہے: 10 اکتوبر وہ دن ہوگا جب گرمی اپنا بریف کیس سمیٹ کر رخصت ہوگی اور سردی پورے اعتماد کے ساتھ چارج سنبھالے گی۔ البتہ، گرمی نے آخری حد تک زور لگانے کا اعلان کر رکھا ہے، لیکن واضح پیغام یہ ہے کہ 20 اکتوبر کے بعد کسی قسم کی "ایکسٹینشن" ممکن نہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سردی نے اپنی موجودگی کے اشارے دینا بھی شروع کر دیے ہیں۔ رات کے وقت ٹھنڈی ہوا کی جھلک نے واضح کر دیا ہے کہ سردی اب بس دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ گویا یہ ایک غیر رسمی اعلان تھا کہ "اب میرا وقت قریب ہے۔"
گرمی چاہے جتنی "دھاندلی" کر لے، لیکن قدرت کے قانون کے مطابق اس کی رخصتی طے ہے۔ عوام بھی اس تبدیلی کے منتظر ہیں کیونکہ گرمی کی شدت سے تنگ آ کر لوگ اب ٹھنڈی ہوا کے خوشگوار لمس کو خوش آمدید کہنے کے لیے بے تاب ہیں۔