29/12/2025
صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے بونیر پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی معاشرے میں مثبت تبدیلی اور عوامی شعور کی بیداری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نو منتخب صدر مختار عالم، جنرل سیکرٹری سعید الرشید اور دیگر عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ریاض خان نے کہا کہ بونیر پریس کلب نے ہمیشہ حقائق پر مبنی، غیر جانبدار اور ذمہ دار صحافت کے ذریعے عوامی مسائل کو اعلیٰ ایوانوں تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس ذمہ داری ہے جسے دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کیا جانا چاہیے۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بونیر پریس کلب کی نئی کابینہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل، اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔