13/08/2025
وادی بریر میں چلغوزے کے ٹینڈر کے خلاف پُرامن احتجاج، مقامی قیادت کا محکمہ جنگلات سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ
چترال (فتح اللہ)چترال لوئر کی وادی بریر میں محکمہ جنگلات کی جانب سے تینوں کلاش وادیوں — بمبوریت، رمبور اور بریر — کے چلغوزے کی فصل کے فروخت کے لیے جاری ٹینڈر کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے کہا کہ یہ فیصلہ مقامی برادری سے مشاورت کے بغیر کیا گیا، جو ان کے معاشی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
احتجاج کی قیادت وائس چیئرمین رحمت علی، کسان کونسلر مارشلا خان ، سربراہ اسلامی نظریاتی پارٹی مولانا نادر حسین، وی سی سربراہ جماعت اسلامی ہارون انجم قریشی، سابقہ ممبر کونسل بریر کمال الدین، سرکردہ رکن پیپلز پارٹی دوست محمد اور رکن جماعت اسلامی جمال الدین سمیت دیگر مقامی رہنماؤں نے کی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ چلغوزہ وادی کالاش کی معیشت کا اہم حصہ ہے اور اس پر سب سے پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 18 اگست کو جاری ہونے والا ٹینڈر فوری طور پر منسوخ کیا جائے، ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر ٹینڈر منسوخی اور مقامی حق تلفی کے خاتمے کے نعرے درج تھے۔ مظاہرہ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔