13/01/2026
خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز 4 فروری سے پشاور میں شروع ہوں گے
پشاور : خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز 4 فروری سے 7 فروری تک پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے، جس کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔ انڈر 21 گیمز کے انعقاد کے حوالے سے گزشتہ روز مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں گیمز کو ری شیڈول کرتے ہوئے نئی تاریخوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر، ڈائریکٹر آپریشن جمشید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گیمز کے تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ انڈر 21 گیمز کے انعقاد کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔صوبے کے اس میگا سپورٹس ایونٹ میں پانچ ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کریں گے۔ ان گیمز میں مردوں کے 35 جبکہ خواتین کے 18 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔مردوں کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس، کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس اور مردان سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے، جبکہ خواتین کے مقابلے عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ، شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور، پشاور بورڈ گراؤنڈ اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔انڈر 21 گیمز میں مردوں کے کھیلوں میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکواش، ایتھلیٹکس، والی بال، کراٹے، فٹ بال، جمناسٹکس، تھرو بال، باسکٹ بال، باکسنگ، تائیکوانڈو، ہاکی، جوڈو، ہینڈ بال، ووشو، آرچری، جوجِٹسو، ٹینس، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ، سنوکر، لیکروس، ٹیگ بال، ماس ریسلنگ، فٹسال، کک باکسنگ، باڈی بلڈنگ، فل کانٹیکٹ کراٹے، کبڈی، موئے تھائی، بیس بال، رسہ کشی، رگبی اور زورخانہ شامل ہیں۔جبکہ خواتین کے کھیلوں میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکواش، ایتھلیٹکس، والی بال، کراٹے، باسکٹ بال، تائیکوانڈو، جوڈو، ہاکی، نیٹ بال، کرکٹ، آرچری، ہینڈ بال، جوجِٹسو، تھرو بال، فٹسال اور سافٹ بال شامل ہیں۔