
19/06/2025
گلگت بلتستان ہیڈکوارٹرز بار ضلع گلگت کے انتخابات،فرزند استور وزیر مظہر حسین ایڈووکیٹ نے میدان مار لیا۔چھ ووٹوں کی برتری سے ینگ لائر مسٹر نصر من اللہ ایڈوکیٹ کو شکست دی اور گلگت بلتستان ہیڈکوارٹرز بار کے صدر منتخب ہوگئے۔سیکرٹری جنرل کی نشست کے لیے نوجوان وکیل مسٹر اکرام اللہ ایڈووکیٹ منتخب،گلگت بلتستان کی پہلی خاتون امیدوار وکیل محترمہ عاشی بتول ایڈووکیٹ کو شکست کا سامنا۔الیکشن بورڈ کے چیئرمین مسٹر امان علی شاہ ایڈووکیٹ نے وائس آف لا کو بتایا کہ آج مورخہ 19 جون 2025 کو ڈسٹرکٹ بار گلگت کے سالانہ الیکشن پروسیس صبح دس بجے شروع ہوکر سہ پہر تین بجے تک جاری رہا۔رزلٹ کمپائل کرکے پانچ بجے الیکشن بورڈ نے نتائج کا اعلان کردیا۔الیکشن بورڈ آفس ہیڈکوارٹرز بار ضلع گلگت سے جاری ان آفیشل رزلٹ کے مطابق صدارتی امیدوار مسٹر نصرمن اللّٰہ ایڈوکیٹ نے 159 ،وزیر مظہر حسین ایڈووکیٹ نے 166 ووٹ حاصل کئے۔اُمیدوارجنرل سیکرٹری مسٹر اکرام اللہ دیدار ایڈووکیٹ نے 168 اور محترمہ عاشی بتول ایڈووکیٹ نے 157 ووٹ حاصل کئے۔اس تناسب سے استور ڈسٹرکٹ کے گلگت میں پریکٹسنگ لائر وزیر مظہر حسین ایڈووکیٹ صدر اور وادی شہداء ضلع غذر کے فرزند مسٹر اکرام اللہ دیدارایڈووکیٹ نے 168 ووٹ حاصل کرکے گلگت بلتستان ہیڈکوارٹرز بار ڈسٹرکٹ گلگت کے سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔باخبر ذرائع کے مطابق گلگت بار ایسوسی ایشن کے انتخابات ہائی کورٹ بار کے انتخابات سے قدرے مختلف رہے اور صدارتی امیدوار مسٹر نصر من اللہ اور وزیر مظہر حسین ایڈووکیٹس کی مثالی کمپین بار میں زیرِ بحث رہی اور یقیناً آئندہ کے بار انتخابات میں یہ نظیر وکلاء برادری کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔واضح رہے ہر دو صدارتی امیدواران کو کمپین کے دوران مل جل کر پیار محبت کو بانٹتے دیکھا اور اس ضمن میں کئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔دریں اثنا الیکشن مہم کے اختتام پر تمام امیدوار آپس میں بغلگیر ہوئے اور بار کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا گیا۔بار کے اندرونی معاملات پر گہری نظر رکھنے والے گلگت سٹی کے ایک بزرگ وکیل نے نام نہ بتانے کی شرط پر ہمیں بتایا کہ مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے نشان حیدر پانے والا منفرد ضلع غذر کے تین سپوتوں کو تاریخ میں پہلی بار بالترتیب سیکرٹری جنرل ہائی کورٹ بار ،سیکرٹری جنرل گلگت بار ،سینئر نائب صدر گلگت بلتستان ہیڈکوارٹرز بار ایسوسی ایشن کے اہم عہدے مل گئے ہیں۔وائس آف لا گلگت بلتستان