26/11/2025
کلر سیداں میں چیتے کی ہولناک آمد! خوف و ہراس کی فضا—اسکول بند، والدین پریشان
تحصیل کلر سیداں کے نواحی علاقے سکوٹ کے گاؤں سلطان خیل میں گزشتہ دو روز سے رات کے اندھیروں میں چیتے کی پراسرار موجودگی نے پورے علاقے میں کھلبلی مچا دی ہے۔ گاؤں کے باسی شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں جبکہ والدین نے بچوں کی حفاظت کے پیش نظر اسکول بھی بند کرا دیا۔
گزشتہ شب تقریباً 8 بجے سلطان خیل پرائمری اسکول کے قریب بورنگ پر کام کرنے والے مزدوروں نے چیتے کے اچانک نمودار ہونے کی دہلا دینے والی اطلاع دی۔ مقامی افراد کے مطابق چیتا پلک جھپکتے میں جھاڑیوں میں غائب ہوگیا، جس سے گاؤں میں خوف مزید بڑھ گیا۔
چیتے کی موجودگی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی تو والدین نے فوری طور پر بچوں کو گھروں تک محدود کر دیا۔ صورتحال کی سنگینی دیکھتے ہوئے آج اسکول انتظامیہ نے ایمرجنسی تعطیل کا اعلان کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ وائلڈ لائف کے انسپکٹر چوہدری طلعت سہیل، مظفر عدنان، سفیر اور ان کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، جہاں پہلے سے ہی بڑی تعداد میں علاقہ مکین جمع تھے۔ ٹیم نے اسکول سے ملحقہ جنگل کا تفصیلی معائنہ کیا اور عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔
وائلڈ لائف انسپکٹر کی اہم حفاظتی ہدایات
انسپکٹر نے موقع پر موجود لوگوں کو چیتے کی موجودگی کی صورت میں درج ذیل احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی: رات کے اوقات میں گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔بچوں اور خواتین کو اکیلا باہر نہ جانے دیا جائے۔
موبائل کی ٹارچ و لائٹس ساتھ رکھیں اور ویران راستوں سے گریز کریں ۔ مویشیوں کو کھلے میں نہ چھوڑیں، ممکن ہو تو انہیں محفوظ باڑوں میں منتقل کریں ۔ مشکوک آوازیں یا چیتا نظر آنے پر فوراً وائلڈ لائف ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔
کسی صورت چیتے کے قریب جانے یا اس کا پیچھا کرنے کی کوشش نہ کریں ۔ علاقہ مکینوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چیتے کو محفوظ طریقے سے پکڑنے یا علاقے سے ہٹانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ خوف کی فضا کا خاتمہ ہو سکے۔