
01/10/2025
برمنگھم میں پاکستانی قونصل جنرل کی گاڑی مظاہرین نے روک لی
جائنٹ ایکشن کمیٹی کے حق میں کشمیریوں کا احتجاج، آزاد کشمیر کے حالات پر شدید نعرے بازی
برمنگھم (سی این آئی نیوز)جائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت میں برٹش کشمیریوں نے برمنگھم میں پاکستانی قونصل جنرل کی گاڑی کو روک کر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ قونصلر جنرل کشمیری عوام کی بات سننے کو تیار نہیں اور ان کے مسائل کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے قونصل جنرل کی گاڑی کے سامنے کھڑے ہو کر کہا کہ آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ اور تمام مواصلاتی نظام بند کر دیا گیا ہے، کشمیری نوجوان مارے جا رہے ہیں مگر حکومت پاکستان خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
مظاہرین نے قونصل جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ہماری آواز کیوں نہیں سن رہے؟ ہمارے گھروں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے اور آپ ہماری نمائندگی کرنے کے بجائے نظرانداز کر رہے ہیں۔
احتجاج کرنے والوں نے واضح کیا کہ وہ قونصل جنرل کی گاڑی کو اس لیے روکنے پر مجبور ہوئے تاکہ اپنا پیغام براہِ راست پہنچا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قونصل جنرل بغیر بات سنے وہاں سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن کشمیری کمیونٹی نے انہیں روک کر اپنے جذبات اور شکایات پیش کیں۔
کیمونٹی رہنماؤں نے کہا کہ مظاہرین کو نازیبا زبان کا استعمال نہیں کرنا چائیے تھا اور زبردستی گاڑی کو نہیں روکنا چائیے تھا ۔
موقع پر موجود افراد کے مطابق مظاہرین کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی اور آزاد کشمیر کے بگڑتے حالات پر برطانوی کشمیریوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔