06/08/2025
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والا برسوں پرانا خواب اب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے۔ ضلع استور سے آزاد کشمیر تک سڑک کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، جس سے دونوں خطوں کے درمیان نہ صرف زمینی رابطہ بحال ہوگا بلکہ تاریخی و ثقافتی رشتے بھی دوبارہ جُڑ جائیں گے۔
استور کے علاقے قمری سے تاؤ بٹ آزاد کشمیر تک تقریباً 19 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر جاری ہے۔ اب تک 5 کلومیٹر کا حصہ مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی حصے پر پاک فوج کی ہیوی مشینری کام میں مصروف ہے۔دوسری جانب، آزاد کشمیر کی طرف سے بھی سڑک کی تعمیر کا کام تیزی سے کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ رواں برس مکمل ہونے کی توقع ہے۔
اس سڑک کی تعمیر سے نہ صرف گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے، بلکہ ملک کے دیگر علاقوں کے ساتھ بھی ایک متبادل زمینی راستہ میسر آئے گا۔ راولپنڈی تک کا فاصلہ نمایاں طور پر کم ہوگا، اور مسافر کم وقت میں منزل تک پہنچ سکیں گے۔
شاہراہ کی تعمیر سے علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ قدرتی حسن سے مالا مال یہ خطہ نئے سیاحوں کو اپنی جانب کھینچے گا، جس سے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔
عوامی سطح پر اس منصوبے کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ شاہراہ دونوں خطوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔