
17/09/2025
تربت: دشت کھڈان میں سیکیورٹی کمپنی کی وین سے 22 کروڑ روپے لوٹ لیے گئے
بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایم-8 شاہراہ پر دشت کھڈان کراس کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے سیکیورٹی کمپنی ایس او ایس کی کیش وین کو لوٹ لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر عملے کو یرغمال بنایا اور 22 کروڑ روپے نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق لوٹی گئی رقم میں میزان بینک تربت برانچ کے 14 کروڑ 55 لاکھ روپے اور بینک الفلاح کے 7 کروڑ 50 لاکھ روپے شامل ہیں۔ واردات اس وقت پیش آئی جب کیش وین تربت سے کراچی جا رہی تھی۔ موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے وین کو روک کر کارروائی کی اور چند منٹوں میں فرار ہوگئے۔
انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ علاقے میں فوری ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔