29/05/2026
ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف بلوچستان کا دائرہ وسیع، مختلف اضلاع سے صحافیوں کی بھرپور شمولیت
ویب رپورٹ
کوئٹہ: ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ تنظیم صوبے میں ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور کارکنان کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم بن چکی ہے، جو ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور جدید میڈیا پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف بلوچستان کے صدر مرتضیٰ زیب زہری، جنرل سیکرٹری بشریٰ قمر، سینئر نائب صدر سیدزادہ عبدالوکیل، فنانس سیکرٹری عبدالوحید عمرانی، سینئر رہنما خیر محمد بلوچ، سینئر رہنما انیتا جلیل، ضلع چمن کے صدر دلبر خان اچکزئی، ضلع حب کے صدر غلام مصطفیٰ محمد حسنی، ضلع نوشکی کے صدر فہد بلوچ، سبی کے رہنما ندیم بابر مغل، ضلع خضدار کے رہنما اطہر مینگل، تربت کے رہنما الطاف حسین، سینئر رہنما زوہیب بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ تنظیم نے پہلی مرتبہ بلوچستان بھر کے ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ تنظیم نے اپنی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے بلوچستان کے مختلف اضلاع اور شہروں میں ممبر سازی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تیس سے زائد ڈیجیٹل میڈیا کارکن صحافی تنظیم کا باقاعدہ حصہ بن چکے ہیں جبکہ مزید صحافیوں اور سوشل میڈیا ورکرز کی شمولیت کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے دور دراز علاقوں، چھوٹے شہروں اور قصبوں میں بھی ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ افراد کو نمائندگی دی جا رہی ہے تاکہ ہر علاقے کی آواز موثر انداز میں اجاگر ہو سکے اور نوجوان صحافیوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم میسر آ سکے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا عوامی مسائل اجاگر کرنے کا ایک طاقتور ذریعہ بن چکا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس شعبے سے وابستہ صحافیوں کو منظم اور متحد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف بلوچستان نہ صرف صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے بلکہ نوجوان صحافیوں کی تربیت، پیشہ ورانہ رہنمائی اور مثبت صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں تنظیم کو بلوچستان کے مزید اضلاع تک توسیع دی جائے گی اور ہر ضلع میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ کارکن صحافیوں کو درپیش مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جا سکے۔