02/12/2025
موضوع: ٹریفک قوانین کے حالیہ کریک ڈاؤن اور پولیس کے سالانہ "کوٹہ سسٹم" کے حوالے سے گزارش
آپ کو بخوبی علم ہوگا کہ پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، کم عمر ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف ایک مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ قانون کی عملداری اپنی جگہ بہت اہم ہے، لیکن میں آپ کی توجہ ایک نہایت سنجیدہ مسئلے کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔
ہر سال دسمبر کے مہینے میں پنجاب پولیس روایتی طور پر اپنے سالانہ "پرچہ کوٹہ" پورا کرنے کے لیے اضافی ایف آئی آرز درج کرتی ہے۔ اکثر اوقات دیکھا گیا ہے کہ کسی ایک خلاف ورزی پر بھی 3 سے 4 زائد دفعات لگا کر مقدمہ درج کیا جاتا ہے تاکہ کوٹہ پوری طرح مکمل ہو سکے۔ یہ صورتحال عوام کے لیے شدید پریشانی اور تکلیف کا باعث بنتی ہے، جبکہ پولیس اہلکاروں کے لیے ناجائز اختیارات کے استعمال اور کرپشن کا ایک اور راستہ کھل جاتا ہے۔
اس بات کی تصدیق آپ گراؤنڈ لیول پر آزادانہ انکوائری کے ذریعے آسانی سے کروا سکتی ہیں۔
دسمبر کے مہینے میں اگر کسی شہری پر ایف آئی آر ہو جائے تو اس کے لیے قانونی، معاشی اور سماجی طور پر حالات نہایت مشکل ہو جاتے ہیں۔
لہٰذا گزارش ہے کہ جب بھی حکومتی پالیسیوں اور خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متعلق فیصلے کیے جائیں تو براہِ کرم گراس روٹ لیول کے عوام، شہری نمائندوں اور غیرجانبدار ماہرین کو بھی مشاورت میں شامل کیا جائے۔ اس سے نہ صرف نظامِ انصاف بہتر ہوگا بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔
امید ہے آپ اس گزارش پر سنجیدگی سے غور فرمائیں گی۔
شكریہ۔